• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پاکستان میں 3 ماہ بعد یومیہ کورونا کیسز کی سب سے کم تعداد ریکارڈ

شائع February 2, 2021
پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد جہاں کروڑوں اور اموات لاکھوں میں ہے وہیں پاکستان میں بھی اس وبا سے اب تک لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں انتقال کرچکے ہیں۔

کورونا کے اعداد و شمار کے حوالے سے قائم سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 220 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 63 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

واضح رہے کہ آج سامنے آنے والے یکم فروری کے کیسز کے اعداد و شمار 2 نومبر کے بعد سے سب سے کم یومیہ تعداد ہے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 648 ہوگئی جبکہ اموات 11 ہزار 746 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 285 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 537 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہزار 365 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

2020 کے آخری مہینے دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم اس کے یومیہ کیسز اب بھی ہزار سے زائد ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

اگر آج 2 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 478 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 724 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 8 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 4 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 424 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 220 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 46 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 793 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 205 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 67 ہزار 419 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 912 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 830 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 196 پر پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 75 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 493 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 475 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 31 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 50 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 264 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 909 پر موجود رہی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 285 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 537 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 547648

صحتیاب: 502537

اموات: 11746

فعال کیسز: 33365

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 724 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 220 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 67 ہزار 419 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 830 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 493 ، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 50 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4004

پنجاب: 4793

خیبرپختونخوا: 1912

بلوچستان: 196

اسلام آباد: 475

آزاد کشمیر: 264

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024