• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ون ڈے، ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کا اعلان

شائع February 12, 2021 اپ ڈیٹ February 17, 2021
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز اپریل میں کھیلی جائے گی — فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز اپریل میں کھیلی جائے گی — فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال شیڈول 3 ون ڈے اور 4 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دورہ جنوبی افریقہ کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جس میں 3 ایک روزہ اور 4 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی20: رضوان کی شاندار سنچری، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی جہاں سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو پرویٹوریا میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد 4 فروری کو دوسرا ون ڈے جوہانسبرگ میں ہو گا اور 7 اپریل کو پریٹوریا، ایک مرتبہ پھر آخری ون ڈے میچ کی میزبانی کرے گا۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی، ابتدائی طور پر یہ سیریز تین میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقہ کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا۔

پہلے 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان تمام طرز کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز

یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل پاکستان کی دوسری سیریز ہے جہاں اس سے قبل پاکستان نے سپر لیگ میں شامل پہلی سیریز نومبر 2020 میں زمبابوے کے خلاف کھیلی تھی جس میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

قومی ٹیم ورلڈ کپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے اور اس کے برعکس جنوبی افریقہ کی یہ سپر لیگ میں پہلی سیریز ہے۔

13 ٹیموں پر مشتمل اس لیگ میں ہر ملک کو 2 سالہ مدت میں 8 سیریز (4 ہوم اور 4 اوے سیریز) کھیلنی ہیں۔

ابتدائی طور پر پاکستان کو اکتوبر 2020 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا تھا تاہم کووڈ-19 کی عالمی وبا کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا اور اب یہ سیریز اپریل 2021 میں منعقد ہو گی۔

مزید پڑھیں: روٹ کی ڈبل سنچری، انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 227 رنز سے شکست دے دی

دورہ جنوبی افریقہ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہو گی جہاں وہ 17 اپریل سے 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ساتھی ملک کی مدد کرنے پر خوشی محسوس کررہے ہیں اور آئی سی سی رکن کی حیثیت سے ایک دوسرے کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات مضبوط اور دیرپا ہیں، دونوں بورڈز اس تعلق کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لہٰذا ان کی درخواست قبول کرنا ہمارے لیے ایک آسان فیصلہ تھا، ہم ایک کامیاب دورے کے لیے پراُمید ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر کرکٹ گریم اسمتھ نے دورے کو حتمی شکل دیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم محدود طرز کی کرکٹ میں ایک مشکل حریف ہے اور حالیہ چند برسوں میں پاکستان کےکھیل میں مزید بہتری آئی ہے، پراُمید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان جنوبی افریقہ کو ٹف ٹائم دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں ایک ٹی20 میچ کے اضافے سے متعلق درخواست قبول کرنے پر بھی ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

دورہ جنوبی افریقہ کا شیڈول:

2 اپریل: پہلا ون ڈے میچ، سپر اسپورٹس پارک، پریٹوریا

4 اپریل: دوسرا ون ڈے میچ، وینڈیررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

7 اپریل: تیسرا ون ڈے میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا

10 اپریل: پہلا ٹی 20 میچ، وینڈیررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

12 اپریل: دوسرا ٹی 20 میچ، وینڈیررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

14 اپریل: تیسرا ٹی20 میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا

16 اپریل: چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، سپر اسپورٹس پارک، پریٹوریا

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024