• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کووڈ ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

شائع February 15, 2021
ملک میں 65 سال اور اس سے زائد کی عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں 65 سال اور اس سے زائد کی عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا—فائل فوٹو: اے پی

ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے بعد 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کووڈ 19 ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔

اس بارے میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ 65 سال اور اس سے زائد کے تمام شہریوں کے لیے کووڈ 19 ویکسینینش کے لیے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

انہوں نے لکھا کہ آپ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 1166 پر ارسال کریں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مارچ میں اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسینیشن شروع ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ 65 سال سے زائد عمر کے تمام پاکستانی کووڈ 19 ویکسین کے لیے آج سے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے بھی شناختی کارڈ نمبر کو 1166 پر بھیجنے کے ساتھ ساتھ ایک ویب سائٹ nims.nadra.gov.pk کے ذریعے بھی رجسٹریشن کروانے سے متعلق آگاہ کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ویکسین سینٹر اور اپائنمنٹ کی تاریخ ویکسین پہنچنے کے بعد بتائی جائے گی۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے 5 لاکھ کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا جبکہ اگلے روز ملک بھر کے تمام صوبوں اور علاقوں میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو اس وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ ملک میں ویکسینش کے آغاز سے قبل این سی او سی نے ایک جامع پلان مرتب کیا تھا، جس کے تحت کورونا ویکسین کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا تھا۔

طریقہ کار

  • پہلا مرحلہ: تمام شہری بمعہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز ایس ایم ایس کے ذریعے ’1166‘ پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے یا رجسٹریشن کے لیے نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم کی ویب سائٹ کا استعمال کریں گے۔

  • دوسرا مرحلہ: تصدیق کے بعد موجودہ پتے کی بنیاد پر نامزد آڈلٹ ویکسین سینٹر اور پن کوڈ شہریوں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

  • تیسرا مرحلہ: اگر نامزد اے وی سی شہریوں کی موجودہ تحصیل سے باہر ہے تو شہری ایس ایم ایس موصول ہونے کے 5 دن کے اندر این آئی ایم ایس کی ویب پورٹل یا 1166 ہیلپ لائن پر کال کرکے اپنا اے وی سی تبدیل کرسکتا ہے۔

  • چوتھا مرحلہ: مقررہ ویکسین سینٹر پر ویکسین کی دستیابی پر اپائنمنٹ کی تاریخ سے قبل شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔

  • پانچواں مرحلہ: کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ پن کوڈ (لازمی) کے ساتھ مقررہ تاریخ اور وقت پر اے وی سی آئیں گے۔

  • چھٹا مرحلہ: اے وی سی میں ویکسین اسٹاف شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گا۔

  • ساتواں مرحلہ: تصدیق کے بعد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی اور انتظامیہ این آئی ایم ایس میں تفصیلات کا اندراج کرے گی اور شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا، مزید یہ ویکسین کے بعد 30 منٹ تک شہری کو نگرانی کے لیے وہاں موجود رہنا ہوگا۔

  • آٹھواں مرحلہ: اس طریقہ کار سے وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کیلئے ریئل ٹائم ڈیش بوڈ خود کار طریقے سے تیار ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے کو ہے اور اس وقت عالمی وبا کی دوسری لہر جاری ہے، تاہم مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو یہ پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت کافی بہتر ہے۔

ملک میں 15 فروری تک مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہے تاہم اس میں سے 93.2 فیصد یعنی 5 لاکھ 25 ہزار 997 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 12 ہزار 333 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024