قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کو شکست کے بعد حسن علی کی 'پاوری ' ویڈیو وائرل
آج کل سوشل میڈیا پر 'یہ ہماری کار ہے، اور یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری (پارٹی) ہو رہی ہے' جیسے مختصر الفاظ پر مبنی ویڈیو کے چرچے ہیں۔
یہ ویڈیو 6 فروری کو پشاور و اسلام آباد کی یوٹیوبر و ولاگر دنانیر (dananeerr) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھی۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ 'جب برگرز شمالی علاقہ جات کی سیر کو جائیں تو وہ کہتے ہیں یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے'۔
ولاگر کی جانب سے انگریزی لہجے میں اردو بولنے کی وجہ سے ویڈیو کو بہت پسند کیا گیا اور اس پر شوبز شخصیات سے لے کر سیاستدانوں، نوجوان طلبہ، عام افراد اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے افراد نے بھی ویڈیوز بنائیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست دے دی
اور گزشتہ روز جب پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیتی تو 'پاوری ہورہی ہے' ویڈیو کے ذریعے اپنی جیت کا جشن بھی منایا۔
قومی ٹیم کی جیت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر قومی ٹیم کے ساتھ فاسٹ باؤلر حسن علی کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔
پی سی بی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ' یہ ہماری ٹیم ہے اور یہ ہماری سیلیبریشن ہو رہی ہے '۔
ویڈیو میں حسن علی کو سیلفی ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ' یہ میں ہوں، یہ میری ٹیم ہے اور ہم سیریز جیت کر پارٹی کررہے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات کی سنچری کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کرنے کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو کو 37 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو کو بھی 4 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔
جس کے بعد جنوبی افریقہ نے دوسرے میچ میں بہترین انداز میں واپسی کرتے ہوئے باآسانی فتح سمیٹ کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔
علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو سیریز میں شکست کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی میں 100 فتوحات حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔