انوراگ کشیپ کی بیٹی کو ’ریپ‘ و قتل کی دھمکیاں
’بلیک فرائڈے، نو سموکنگ، اگلی، پانچ، بامبے ویلوٹ، نو سموکنگ، ڈیو ڈی اور دی گرل ان ییلو بوٹس‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کرنے والے بولی وڈ کے معروف فلم ساز 48 سالہ انوراگ کشیپ کی بیٹی کو بولڈ تصاویر شیئر کرنے پر ’ریپ‘ اور قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق انوراگ کشیپ کی صاحبزادی جواں سالہ عالیہ کشیپ جو انسٹاگرام پر بولڈ تصاویر و ویڈیو کلپس شیئر کرتی رہتی ہیں، انہیں قتل و ’ریپ‘ کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
رپورٹ کے مطابق عالیہ کشیپ نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اگرچہ انہیں کافی عرصے سے نفرت انگیز بیانات اور دھمکیوں کا سامنا تھا مگر وہ گزشتہ چند ہفتوں سے ملنے والی دھمکیوں سے ڈر گئی ہیں۔
عالیہ کشیپ نے اپنی پوسٹ میں نشاندہی کی کہ حال ہی میں جب انہوں نے خواتین کے زیر جامہ ’انڈو ویئر‘ کی تشہیری تصویر شیئر کی تو انہیں ’ریپ‘ اور قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
فلم ساز کی بیٹی کے مطابق وہ عام طور پر ایسی دھمکیوں پر توجہ نہیں دیتیں اور کمنٹس کو ڈیلیٹ کردیتی ہیں یا کمنٹس آپشن کو بند کردیتی ہیں مگر گزشتہ چند ہفتوں سے ملنے والی دھمکیوں سے وہ ڈر گئیں۔
عالیہ کشیپ کا کہنا تھا کہ ’ریپ‘ کی دھمکیاں ملنے کے بعد انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کرنے کا سوچا تھا مگر پھر انہیں ہمت آئی اور اب وہ ایسی دھمکیوں پر بات کر رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’ریپ‘ کی دھمکیوں نے ان کی ذہنی صحت پر بھی اثرات چھوڑے اور ایسی ہی دھمکیوں کی وجہ سے بھارت بھر کی خواتین کی زندگی متاثر ہے۔
عالیہ کشیپ کی جانب سے قتل و ’ریپ‘ کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف کیے جانے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں بہادر قرار دیا۔
عالیہ کشیپ انسٹاگرام پر بولڈ تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، ان دنوں وہ خواتین کے زیر جامہ (انڈر گارمنٹس) برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ ہیں۔
عالیہ کشیپ نے باضابطہ طور پر اداکاری کا آغاز نہیں کیا تاہم وہ لائف اینڈ اسٹائل کے برانڈز کے ساتھ ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
عالیہ کشیپ فلم ساز انوراگ کشیپ کی پہلی اہلیہ فلم ایڈیٹر آرتی بجاج سے ہیں، جن سے فلم ساز نے 2003 میں شادی کی تھی، تاہم ان کے درمیان 2009 میں طلاق ہوگئی تھی۔
انوراگ کشیپ نے دوسری شادی بولڈ اداکارہ کالکی کوچلین سے 2011 میں کی تھی تاہم ان کے درمیان بھی چند سال بعد 2015 میں طلاق ہوگئی تھی اور دوسری شادی سے فلم ساز کو کوئی اولاد نہیں۔
انوراگ کشیپ کی طرح ان کی دونوں سابق بیویاں بھی ان کی بیٹی عالیہ کشیپ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں اور اب دھمکیاں ملنے کے بعد بھی کالکی کوچلین نے بھی سابق شوہر کی صاحبزادی کا ساتھ دیا۔