• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پی ایس ایل میں ایس او پیز سے متعلق خامیوں کی تحقیقات کیلئے پینل تشکیل

شائع March 7, 2021
پی ایس ایل کورونا کیسز سامنے آنے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا—فائل/فوٹو: پی ایس ایل
پی ایس ایل کورونا کیسز سامنے آنے پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا—فائل/فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے دوران کورونا کیسز رپورٹ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے دو رکنی تحقیقاتی پینل تشکیل دے دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل پی ایس ایل 6 کے لیے مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز اور اس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا'۔

مزید پڑھیں: بائیوسیکیور ببل کی ناکامی: پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیکل مستعفی

بیان میں کہا گیا کہ 'ڈاکٹر سید فیصل محمود آغا خان یونیورسٹی میں شعبہ وبائی امراض میں بطورسیکشن ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں جبکہ ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر لاہور میں بطور کنسلٹنٹ برائے وبائی امراض اینڈ جنرل میڈیسن فرائض انجام دے رہی ہیں'۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ دو رکنی پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔

بیان کے مطبق پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پی ایس ایل 6 کے لیے تیار کردہ کووڈ-19 ایس او پیز کا ایک جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور ہمیں سفارشات پیش کرے کہ یہ بائیو سیکیور ماحول کووڈ فری کیوں نہ رہ سکا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

ان کا کہنا تھا کہ اس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کے تقرر کا واحد مقصد ایک ایمان دارانہ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ قائم کرے گا تاکہ ہمیں بہتر اندازہ ہوسکے کہ یہ کیسز کیسے سامنے آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تفصیلی جائزے کے بعد دو رکنی پینل اپنی سفارشات ہمیں پیش کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 6 میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی اور لیگ کے التوا پر تنقید کے بعد پی سی بی کے ڈائریکٹر اسپورٹس سائنس اور میڈیکل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی پر ڈاکٹر سہیل سلیم پر شدید تنقید کی جارہی تھی، اور انہیں بورڈ میں اندرونی سطح پر بھی تنقید کا سامنا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی

یاد رہے کہ پی سی بی نے 3 روز قبل پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی نے کہا تھا کہ پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوئل اجلاس کے بعد بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کیلئے ممکنہ منصوبہ تیار

بعد ازاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 6 کو مناسب تاریخ پر گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے التوا کی تصدیق کرتا ہوں کہ پی ایس ایل 6، نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شائقین، اسٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024