• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارتی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

شائع March 17, 2021 اپ ڈیٹ March 18, 2021
بھارتی فضائیہ کا طیارہ تربیت کے دوران تباہ ہوگیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فضائیہ کا طیارہ تربیت کے دوران تباہ ہوگیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) کا مگ-21 بیسن طیارہ وسطی بھارت میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

آئی اے ایف نے بیان میں کہا کہ فضائیہ کا ایک پائلٹ طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: راجستھان میں لڑاکا طیارہ 'مگ 21' گر کر تباہ

بیان میں کہا گیا کہ گروپ کیپٹن اے گپتا نے جنگی تربیتی سیشن کے دوران ایک ایئربیس سے طیارہ اڑایا اور دوران پرواز حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے جو حادثے کی تفتیش اور وجوہات کا کھوج لگائے گی۔

آئی اے ایف نے کہا کہ 'آئی اے ایف پائلٹ کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے'۔

قبل ازیں جنوری میں بھارتی فضائیہ کے ایک مگ-21 بیسن طیارے کو تربیتی مشق کے دوران ٹیکنیکل خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم پائلٹ بحفاظت اتر گئے تھے اور جانی نقصان نہیں ہوا اور اس وقت بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

بھارتی بحریہ کے ساتھ بھی نومبر 2020 میں ایک حادثہ پیش آیا تھا جب ایک مگ-29 کے تربیتی طیارہ غائب ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

بھارتی نیوی کے ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ ایک پائلٹ کو ڈھونڈ لیا گیا تھا جبکہ دوسرے پائلٹ اور جہاز کے ملبے کی تلاش کے لیے بڑا آپریشن کیا تھا۔

آئی اے ایف کے پائلٹ کو مئی 2020 میں بھی خطرناک حادثہ پیش آیا تھا جب مگ-29 طیارہ بھارتی پنجاب میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔

مقامی افراد نے بھارتی پائلٹ کو محفوظ مقام پر منتقل کرکے ان کو مدد فراہم کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے وزیر مملکت برائے دفاع شریپاد نائیک نے 2019 میں پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ 2016 سے اس وقت تک بھارتی فضائیہ کے 27 طیارے تباہ ہوئے جن میں 15 جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی شامل تھے۔

سال 19-2018 میں طیارے گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا اور بھارتی فضائیہ 7 جنگی جہاز، 2 ہیلی کاپٹرز اور 2 ٹرینرز سے محروم ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024