• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

خاتون اول بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

شائع March 20, 2021 اپ ڈیٹ March 21, 2021
وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

تحریک انصاف کے سینیٹر اور سینئر رہنما فیصل جاوید خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ وزیر اعظم کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

انہوں نے وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ سمیت وائرس کا شکار تمام افراد جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے بھی خاتون اول میں وائرس کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ وائرس کی تصدیق ہونے سے دو دن قبل ہی 18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 8 ماہ بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ، احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

وزیر اعظم کے وائرس کا شکار ہونے کے بعد لوگوں نے ویکسین کی افادیت پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے لیکن اسد عمر نے اس حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جمعرات کی شام کو کورونا ویکسین لگائے جانے کے بعد سے کچھ لوگ ویکسی نیشن کی افادیت پر سوال اٹھا رہے ہیں لیکن وزیراعظم کورونا ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہوچکے تھے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر ملک میں تیزی سے پھیلتی جارہی ہے جس کے سبب تیزی سے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

آج ملک میں گزشتہ جولائی کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جس پر ماہرین صحت نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہوچکے تھے، اسد عمر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 876 افراد کے کووڈ۔19 کے ٹیسٹ مثبت آئے جو گزشتہ 8 ماہ میں کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اس سے قبل 2 جولائی 2020 کو ملک میں آخری بار 3 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کا تناسب ساڑھے 4 فیصد سے بڑھ کر ساڑھے 9 فیصد تک پہنچ گیا ہے جو خطرناک ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ عوام میں صحت کے مروجہ اصولوں پر عملدرآمد کے حوالے سے فقدان دیکھنے میں آرہا ہے اور عوام اور صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مہلک وائرس سے بچا جاسکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024