• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابر اعظم نے سنچری کے ساتھ دو نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے

شائع April 3, 2021
بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں کیریئر کی 13ویں سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں کیریئر کی 13ویں سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار سنچری کی بدولت دو نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا گیا اور پاکستان نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کی سنچری، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں شکست دے دی

274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے 177 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 104 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر نے صرف سنچری ہی اسکور نہیں کی بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

یہ قومی ٹیم کے کپتان کی ون ڈے کرکٹ میں 13ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی وہ سب سے کم اننگز میں 13 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے جنہوں نے یہ کارنامہ 76 اننگز میں انجام دیا۔

26 سالہ بلے باز سے قبل یہ اعزاز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 83 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ ویرات کوہلی نے 86 اننگز میں 13ویں سنچری بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا شکار سچن ٹنڈولکر ہسپتال داخل

بابر اعظم نے آخری ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا اور اس میچ میں بھی سنچری اسکور کی تھی، اس طرح وہ لگاتار دو ون ڈے میچوں میں پاکستان کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے کپتان بھی بن گئے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں صرف بابر اعظم نے ہی ریکارڈ اپنے نام نہیں کیا بلکہ قومی ٹیم نے ایک منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 274 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا جو جنوبی افریقہ کے خلاف اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔

اس سے قبل 19-2018 کے دورے میں پورٹ الزبتھ کے مقام پر سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کیا تھا جب پاکستان نے 267 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کی نئی رینکنگ، بابر اعظم ٹاپ بلے بازوں میں شامل

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی بھی جانب سے راسی وین ڈوسن نے سنچری اسکور کی جو ان کے کیریئر کی پہلی سنچری تھی اور اس طرح وہ پروٹیز کے لیے سب سے زائد عمر میں سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔

ڈوسن نے 32 سال اور 54 دن کی عمر میں پہلی ون ڈے سنچری اسکور کی جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز مائیک رنڈیل کے نام تھا جنہوں نے 1995 میں پاکستان ہی کے خلاف یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024