• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کا پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

شائع April 17, 2021
کونسل کے رکن نے بتایا کہ بھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری کیے جائیں گے یا نہیں — فائل فوٹو
کونسل کے رکن نے بتایا کہ بھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری کیے جائیں گے یا نہیں — فائل فوٹو

بھارتی حکومت نے رواں سال شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلیٰ کونسل کو آگاہ کیا۔

بھارتی حکومت کے اس فیصلے کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کا سفر کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔

اعلیٰ کونسل کے رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی خبر ایجنسی 'پی ٹی آئی' کو بتایا کہ 'پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزا جاری کرنے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری کیے جائیں گے یا نہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ مکمل پروٹوکول کے ساتھ ہوگا یا یو اے ای میں ہوگا، احسان مانی

انہوں نے بتایا کہ 'سیکریٹری نے اجلاس میں اعلان کیا کہ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا تاہم ہم نے آئی سی سی سے وعدہ کیا تھا کہ معاملہ حل ہوجائے گا'۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹی 20 کے لیے 9 مقامات کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دیگر مقامات میں دہلی، ممبئی، چنئی، کولکتہ، بنگلور، حیدر آباد اور دھرمشالہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ویزوں کے اجرا کے معاملے پر گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: آئی سی سی نے بھارت سے پاکستان کیلئے تحریری یقین دہانی طلب کرلی

خط میں کہا گیا تھا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم، میڈیا اور شائقین کے لیے ویزے کی آسانیاں پیدا نہیں کرتا اور تحریری یقین دہانی نہیں کرواتا تو ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارت (یو اے ای) منتقل کردیا جائے۔

خیال رہے کہ سیاسی تنازعات کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی سالوں سے کوئی دوطرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024