• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

شائع April 30, 2021
حکومت نے 15 اپریل کو قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز
حکومت نے 15 اپریل کو قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز

وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش رد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی'۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

انہوں نے کہا کہ 'اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی، وزیراعظم نے اسے نامنظور کر کے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا'۔

شہباز گل نے اوگرا کی جانب سے سفارش کردہ قیمتیں بھی جاری کیں جن کو منظور نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ 15 اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی تھی.

وفاقی وزیر حماد اظہر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے پیٹرول 1.79 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2.32 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

مٹی کے تیل میں 2.06 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2.21 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 50 پیسے تک کی کمی کا امکان

نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اپریل 2021 کو ہوگیا تھا جس کے تحت پیٹرول 108.56 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 110.76 روپے مقرر کی گئی تھی۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 80 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 77.65 روپے مقرر کی گئی تھی.

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے یکم اپریل کو بھی پیٹرول 1.55 روپے اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024