• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

متعدد کھلاڑیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد انڈین پریمیئر لیگ ملتوی

شائع May 4, 2021
— فائل فوٹو / بی سی سی آئی
— فائل فوٹو / بی سی سی آئی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیگ کے 2021 سیزن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہنگامی اجلاس میں فوری طور پر آئی پی ایل 2021 سیزن کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'بھارتی کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر افراد کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا جبکہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے'۔

آئی پی ایل انتظامیہ نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ، لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بائیوسیکور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لیگ کے جاری رہنے پر سوالات کھڑے ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل: 2 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکراوَرتھی اور سندیپ واریئر کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ آغاز سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیا گیا تھا۔

یہ 9 اپریل کو آئی پی ایل کے آغاز کے بعد پہلا موقع تھا کہ ایونٹ کے بائیو سیکیور ببل میں کوئی کووڈ-19 کا کیس رپورٹ ہوا، ایونٹ کے آغاز سے قبل نتیش رانا، اکشر پٹیل اور دیودٹ پڈیکل وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

بعد ازاں باؤلنگ کوچ لکشمی پتھی بالاجی سمیت چنائی سپر کنگز کے اسکواڈ کے تین اراکین کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد پوری ٹیم کو آئیسولیٹ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل کے تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوئے تھے لیکن 3 آسٹریلین کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جانے کے بعد منتظمین اس بات کو یقینی بنا رہے تھے کہ باقی غیر ملکی کھلاڑی 'مکمل محفوظ' رہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر سفری پابند عائد کیے جانے سے قبل ایڈم زیمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن اپنی، اپنی آئی پی ایل ٹیموں کو چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024