• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک بھر میں ویکسینیشن مراکز عید کے تیسرے روز کھولنے کا اعلان

شائع May 11, 2021
وزارت داخلہ سے جاری اعلامیے میں 10 تا 15 مئی عید کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
وزارت داخلہ سے جاری اعلامیے میں 10 تا 15 مئی عید کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید الفطر کے ابتدائی 2 روز ویکسی نیشن مراکز بند رکھنے اور تیسرے روز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے 2 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب صوبہ سندھ 16 مئی سے ویکسی نیشن کی سہولت تمام عمر کے بالغان کے لیے بڑھا رہا ہے۔

این سی او سی کے ایک نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ عید کے پہلے اور دوسرے روز ویکسی نیشن مراکز بند رہیں گے جبکہ اس کے بعد یہ معمول کے مطابق کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی شہریوں کو پاکستان سے بھارتی وائرس لگنے کا امکان ہی نہیں، اسد عمر

یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ وزارت داخلہ سے جاری اعلامیے میں 10 تا 15 مئی عید کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا اور اس اعلان کی وجہ سے قومی سطح پر عوام نقل و حرکت محدود کرنا تھا۔

وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سے پہلے عید کے تینوں دن ویکسی نیشننر مراکز بند رکھنے پر غور کیا جارہا تھا۔

تاہم روزانہ تقریباً 2 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ عید کی چھٹیاں کم کر کے ہیلتھ ورکرز کو عید کے تیسرے روز ویکسی نیشن مراکز طلب کر لیا جائے۔

جب انہیں کہا گیا کہ اگر ویکسی نیشن مراکز نہ بند کیے جائیں تو 4 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے پسِ پردہ 2 وجوہات ہیں۔

مزید پڑھیں: این سی او سی اجلاس: 8 سے 16 مئی تک کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

ایک وجہ یہ کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کو ایک وقفہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ انہیں بھی عید اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ منانے کا حق حاصل ہے، دوسرا یہ کہ تہوار کے ابتدائی دو روز عوام کی اکثریت ویکسی نیشن مراکز کا رخ نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے ہیلتھ کیئر ورکرز ہسپتالوں میں کام کر رہے ہیں جن کی عید کی تعطیلات منسوخ کی جاچکی ہیں لہٰذا صرف محدود تعداد میں طبی ورکرز کو گھر پر رہنے اور عید منانے کا موقع میسر آئے گا۔

سندھ میں 18 سال سے معمر افراد کی ویکسی نیشن کا اعلان

دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ 16 مئی سے تمام عمر کے بالغان کے لیے ویکسی نیشن کی سہولت دستیاب ہوگی۔

ایکسپو سینٹر میں میگا ویکسی نیشن مرکز کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ '16 مئی سے صوبے میں 18 سال کی عمر سے زائد کے تمام افراد ویکسین لگوا سکیں گے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم اس ویکسی نیشن مرکز کو صوبائی حکومت نے پاکستان کا سب سے بڑا ویکسی نیشن مرکز قرار دیا تھا، جہاں ایک روز میں 25 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاسکے گی۔

وزیراعظم کا کورونا مریضوں کے وارڈ کا دورہ

ادھر وزیر اعظم عمراں خان نے کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پیر کی رات پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے مریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور مریضوں کے لیے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہسپتال کے لیے تمام وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

اس حوالے سے ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر منہاج السراج نے کہا کہ ہسپتال میں 200 بستر کورونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 121 زیر استعمال ہیں۔

وزیر اعظم نے ہسپتالوں میں آکسیجن کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ آکسیجن کی کافی مقدار دستیاب ہے۔

ساتھ ہی انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان ہسپتال کے کورونا وائرس وارڈ میں بھی گئے اور مریضوں سے علاج کی سہولت کے بارے میں پوچھا جبکہ ہیلتھ کیئر ورکز سے دریافت کیا کہ کیا انہوں نے ویکسین لگوالی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024