• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

خضدار میں زائرین کی بس کھائی میں جاگری، 23 افراد جاں بحق

بس موٹ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوئی—تصویر: ڈان نیوز
بس موٹ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوئی—تصویر: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

بس بھلونک کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھائی میں جا گری جس کے باعث زیادہ تر ہلاکتیں بس کی چھت پر سوار افراد کی ہوئیں۔

بس میں سوار افراد سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھتے تھے جو وڈھ کاکا ہیر میں عرس و دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے علاقے کو جارہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز اور ایدھی کے رضاکاروں نے نعشوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:خانیوال مسافر بس الٹنے سے 9 افراد ہلاک، 28 زخمی

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیاجس میں 15افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 3شدید زخمی ہسپتال میں طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

جاں بحق افراد میں میں دو سگے بھائی اور ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں جبکہ 48 زائرین زخمی ہیں۔

بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے نعشوں کوضروری کارروائی کے بعد لیویز، ایدھی ایمبولینسز اور دیگر ذرائع سے ان کے آبائی علاقے دادو روانہ کردیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ اور ضلعی منتظم صحت تحصیلدار خضدار شہزاد زہری ہسپتال پہنچے اور مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کی نگرانی کی۔

دوسری جانب امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے بات کرتے ہوئے ایک شخص نے بتایا کہ کوئی ایک مسافر ایسا نہیں جو بس حادثے میں زخمی نہ ہوا ہو۔

مزید پڑھیں: مظفرآباد: مسافر بس دریائے جہلم کے کنارے جاگری، 10افراد جاں بحق

ایک اور شخص امام بخش نے بتایا کہ مسافر بار بار ڈرائیور کو بس احتیاط سے چلانے کا کہہ رہے تھے، انہوں نے بس حادثے کی ذمہ داری ڈرائیور پر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ موسیقی سنتے ہوئے اندھادھند بس چلا رہا تھا۔

علاقہ ازیں لیویز عہدیدار عمران احمد نے کہا کہ بظاہر ڈرائیور کی غفلت حادثے کی وجہ معلوم ہوتی ہے لیکن معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

علاوہ ازیں مقامی سماجی رہنماؤں نے شدید زخمیوں کے لیے خون کے عطیات و ادویات کا اہتمام کرنے میں معاونت کی۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا گیا

جاں بحق ہونے والوں میں محمد آصف، مہر دل، نظام الدین، اسد علی، حافظ محمد ہاشم علی، مراد عاطف علی، نثار احمد، جاوید علی، زین العابدین، عاشق علی، سجاد علی، سہیل احمد، منیر احمد ،احسان علی، امان اللہ، عبدالحفیظ شامل ہیں جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر مسافر بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق

قبل ازیں 31 مئی کو پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس پل سے نیچے جا گری تھی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں 29 مئی کو مظفر آباد کے جنوب میں مسافر بس سیکڑوں فٹ کھائی میں دریائے جہلم کے کنارے جا گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔

20 مئی کو روہڑی کے قریب دبر تھانے کی حدود میں مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 13 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024