ملک بدلا، شہر بدلا، نہیں بدلی تو گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی نہیں بدلی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے مقابلے کچھ مہینے کے تعطل کے بعد متحدہ عرب امارات میں شروع ہوچکے ہیں۔ جس وقت ٹورنامنٹ کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا اس وقت یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جارہا تھا اور اس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نہایت خراب کارکردگی پیش کر رہے تھے۔
لیکن جب پی ایس ایل مجبوری کے باعث اس کی جائے پیدائش یعنی امارات منتقل کی گئی تو ماضی کی کارکردگی کو دیکھ کر یہ امید ہوچلی تھی کہ یہاں گلیڈی ایٹرز کچھ نئے رنگ میں نظر آئیں گے، لیکن اس ٹیم کو اسلام آباد کے خلاف جس شرمناک شکست کا سامنا ہوا ہے، اس کے بعد تو ان کی واپسی کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں ہیں۔
مزید پڑھیے: قلندرز بمقابلہ یونائیٹڈ: وہ غلطیاں جو دونوں ٹیموں کو دور کرنی ہوں گی
اس میچ میں ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ابوظہبی کی آسان بیٹنگ وکٹ اور پہلے ہی اوور میں 15 رنز بننے کے بعد کوئٹہ سے متعلق امیدیں ٹھیک ثابت ہونے لگیں کہ مقام کی تبدیلی کے بعد گلیڈی ایٹرز نئے رنگ میں نظر آرہے ہیں اور اس میچ میں ہمیں کوئی بڑا اسکور دیکھنے کو ملے گا۔ تاہم یونائیٹڈ کے باؤلرز نے بغیر کوئی تاخیر واپسی کی اور پوری اننگ میں گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمینوں کو پریشان رکھا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بھی بیٹسمین بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
لیکن کوئٹہ کی مضبوط باؤلنگ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے اب بھی ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد کے لیے میچ جیتنا اتنا آسان نہیں ہوگا، لیکن یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب جتنی تیز رفتاری اور آسانی کے ساتھ کیا، اس نے تو سب کو دنگ کردیا۔
پاور پلے میں بننے والا ریکارڈ
پاکستان سپر لیگ کے موجودہ سیزن کے اس 18ویں مقابلے میں یونائیٹڈ کے اوپنرز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں چوکے اور چھکوں کی برسات کردی۔ اس اننگ میں 2 ریکارڈ بھی بنے۔ پہلا ریکارڈ پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بننے کا ہے، یعنی یونائیٹڈ نے 6 اوورز میں 97 رنز بنائے۔ اس سے پہلے پاور پلے میں 77 رنز بننے کا ریکارڈ تھا۔ اس کے علاوہ یہ اسکور دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی20 لیگز میں پاور پلے کا چوتھا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
اوپننگ شراکت
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے صرف 10 اوورز میں ناقابلِ شکست 137 رنز کی شراکت قائم کردی۔ یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی وکٹ کے لیے قائم کی جانے والی 5ویں سب سے بڑی شراکت تھی۔
13.70 کی اوسط سے قائم کی گئی یہ شراکت پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں 100 رنز یا اس سے زائد کی سب سے تیز رفتار شراکت تھی۔ کولن منرو نے جس دھواں دار انداز سے صرف 36 گیندوں پر 90 رنز بنائے ہیں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے ایک نیک شگون جبکہ مخالفین کے لیے خطرے کا اشارہ ہے۔
مزید پڑھیے: قلندروں کو ’حال‘ اور کراچی ’بے حال‘
اس جیت کے بعد اگلے مرحلے میں جانے کے لیے اگرچہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے امکانات تو روشن ہوگئے ہیں لیکن گلیڈی ایٹرز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہ جانے والی کوئٹہ کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے نہ صرف اپنے بقیہ تمام میچ اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیتنے ہوں گے، بلکہ اس کو اگر، مگر کی صورتحال کا سامنا بھی ہوگا۔
کوئٹہ کے بارے میں جائزہ
پاکستان سپر لیگ کے موجودہ سیزن میں گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی ہر میچ کے بعد خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبروں پر براجمان ہیں۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں 5 میچوں میں شکست کے بعد کوئی معجزہ ہی کوئٹہ کو اگلے مرحلے تک لے جا سکتا ہے۔ میری رائے میں گلیڈی ایٹرز کو معجزے کا انتظار کرنے کے بجائے ٹیم کے ڈگ آؤٹ میں موجود زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے کر ابھی سے اگلے سال کی تیاری شروع کردینی چاہیے۔
تبصرے (1) بند ہیں