فیس بک واٹس ایپ میں شاپنگ کو لانے کے لیے تیار
اب فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے شاپنگ کرنا آسان ہوجائے گا۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 4 نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جن میں واٹس ایپ اور مارکیٹ پلیس میں شاپس، انسٹاگرام ویژول سرچ اور شاپ ایڈز شامل ہیں۔
واٹس ایپ میں شاپس سے صارفین کو کاروباری اداروں سے کچھ خریدنے سے قبل بات چیت کا موقع ملے گا۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ مارکیٹ پلیس میں یہ فیچر لوگوں کو فیس بک پر آن لائن دکان تشکیل دینے میں مدد فراہم کرے گا اور ایک بار شاپ سیٹنگ ان ایبل کرنے پر اسے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر استعمال کیا جاسکے گا۔
فیس بک کے بانی نے کہا کہ انسٹاگرام ویژول سرچ سے صارفین کو تصاویر پر مبنی مصنوعات کو تلاش کرنے میں مدد ملے سکے گی جبکہ شاپ ایڈز شاپنگ تجربات کو پرسنلائز بنائے گا۔
مارکیٹ پلیس میں شاپس کا فیچر فی الحال صرف امریکا میں دستیاب ہوگا۔
اس کے برعکس واٹس ایپ میں شاپس کا فیچر متعدد ممالک میں پیش کیا جارہا ہے جبکہ شاپ ایڈز امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں متعارف کرایا جائے گا۔
انسٹاگرام اور فیس بک مارکیٹ پلیس میں تو پہلے ہی ایپس میں شاپس کا آپشن نمایاں ہے مگر واٹس ایپ شاپس ان میں نمایاں فیچر ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ہفتے فیس بک کی جانب سے کلب ہاؤس کی نقل پر مبنی لائیو آڈیو فیچر کو بھی سوشل میڈیا سائٹ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
مارک زکربرگ نے ان نئے ای کامرس فیچرز کا اعلان لائیو آڈیو روم میں بات چیت کے دوران ہی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ماہ ایک ارب سے زیادہ افراد مارکیٹ پلیس کو استعمال کرتے ہیں تو ہم کارباری اداروں کے لیے وہاں پر اپنی دکانوں کی تشکیل کے عمل کو زیادہ آسان بنارہے ہیں تاکہ زیادہ افراد کو رسائی مل سکے۔
رواں ماہ کے شروع میں فیس بک کی ایف 8 کانفرنس کے دوران کمپنی نے واٹس ایپ فار بزنس میں اپ ڈیٹس کے بارے میں بتایا تھا۔
اس سے قبل ایک بزنس اکاؤنٹ کو تشکیل دینے میں کئی ہفتے درکار ہوتے تھے مگر اب یہ چند منٹوں میں ممکن ہوسکے گا۔
واٹس ایپ شاپ کا فیچر آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔