• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سعید غنی، مرتضیٰ وہاب کی حریم شاہ سے شادی کی خبروں پر وضاحت

شائع June 29, 2021
سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب سے قبل ذوالفقار علی شاہ نے بھی وضاحت دی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب سے قبل ذوالفقار علی شاہ نے بھی وضاحت دی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ کے بعد صوبائی وزیر سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے شادی کی خبروں کو مسترد کردیا۔

حریم شاہ نے 28 جون کو تصدیق کی تھی کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی و وزیر سے ایک ہفتہ قبل شادی کرلی تھی۔

حریم شاہ نے اگرچہ شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے شوہر کا نام نہیں بتایا تھا، جس کی وجہ سے ان کے شوہر سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔

ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر یہ افواہیں پھیلیں کہ حریم شاہ نے میرپورخاص سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ سے شادی کرلی لیکن انہوں نے 28 جون کو ہی ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے 28 جون کو اپنی فیس بک پوسٹ میں حریم شاہ سے منسوب تمام خبروں کو مسترد کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف مخالفین افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے تردید کے بعد سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی و صوبائی وزرا کے نام حریم شاہ سے جوڑے جا رہے تھے اور حریم شاہ کی شادی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہی۔

واحد بیوی اور بچوں کے ساتھ خوش ہوں، سعید غنی
واحد بیوی اور بچوں کے ساتھ خوش ہوں، سعید غنی

اپنے ساتھ متعدد لوگوں کے نام جوڑے جانے اور متعدد لوگوں کو ٹک ٹاک اسٹار کا شوہر بنا کر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیے جانے پر حریم شاہ نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا اور لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ان کا نام ہر ایرے غیرے شخص کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی تھیں کہ مبینہ طور پر حریم شاہ نے صوبائی وزیر سعید غنی سے شادی کرلی، جس کے بعد انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں ایسے الزامات کی وضاحت کی۔

سعید غنی نے ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی واحد بیوی اور بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، برائے مہربانی کرکے تصدیق کے بغیر خبریں نہ چلایا کریں۔

سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ وہ محترمہ (حریم شاہ) کو جانتے تک نہیں، وہ کبھی نہ ان سے ملے ہیں اور نہ کبھی انہوں نے ٹک ٹاک اسٹار کو دیکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید نے میری وجہ سے شادی نہیں کی،حریم شاہ

ساتھ ہی انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ اگر واقعی بھی محترمہ نے شادی کرلی ہے تو وہ انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

مذکورہ ٹوئٹ سے قبل گزشتہ روز بھی سعید غنی نے ایک پریس کانفرنس میں حریم شاہ سے منسوب اپنے متعلق چلنے والی خبروں کو مسترد کیا تھا اور پریس کانفرنس میں انگوٹھی کے اپنے ہاتھ دکھائے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی گھڑی بھی دکھائی تھی۔

حریم شاہ سے شادی سے متعلق خبروں پر جہاں سید ذوالفقار علی شاہ اور سعید غنی نے وضاحت دی، وہیں ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے ٹک ٹاک اسٹار سے شادی سے متعلق خبروں پر وضاحت دی۔

مرتضیٰ وہاب نے بھی 28 جون کو میڈیا سے بات چیت کے دوران صحافیوں کے حریم شاہ کی شادی سے متعلق سوال پر اپنے ہاتھ دکھائے تھے اور کہا تھا کہ ان کے ہاتھ صاف ہیں۔

علاوہ وزیں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن شہلا رضا نے بھی حریم شاہ کی شادی کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ٹک ٹاک اسٹار نے کس سے شادی کی لیکن اگر انہوں نے شادی کی ہے تو اچھی بات ہے۔

شہلا رضا نے کہا تھا کہ شادی ایک شرعی عمل ہے مگر انہیں نہیں معلوم کہ حریم شاہ نے کس سے شادی کی اور وہ ان کی ذاتی زندگی پر بات نہیں کر سکتیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024