• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کوپا امریکا کپ: برازیل کے اسٹرائیکر نے چلی کے کھلاڑی کو 'فلائنگ کک' مار دی

شائع July 4, 2021
گیند کے حصول کے لیے برازیل کے گیبریئل جیزز نے گیند کو فلائنگ کک مارنے کی کوشش کی جو چلی کے کھلاڑی کے منہ پر جا لگی— فوٹو: رائٹرز
گیند کے حصول کے لیے برازیل کے گیبریئل جیزز نے گیند کو فلائنگ کک مارنے کی کوشش کی جو چلی کے کھلاڑی کے منہ پر جا لگی— فوٹو: رائٹرز

کوپا امریکا کپ میں برازیل کے اسٹرائیکر گیبریئل جیزز نے گیند کے حصول کی جدوجہد کے دوران چلی کے کھلاڑی کو فلائنگ کک مار دی جس پر انہیں ریڈ لارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

ریو دی جنیرو میں جمعہ کو چلی اور میزبان برازیل کے درمیان کھیلے گئے کوپا امریکا کپ کے میچ میں 1-0 کی فتح کی بدولت برازیل کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔

میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن کھیل کے 46ویں منٹ میں برازیل نے گول اسکور کرکے برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

البتہ میچ کے دوسرے ہاف کے تیسرے منٹ میں ایک واقعہ پیش آیا جس کے باعث برازیل کی ٹیم اپنے اہم اسٹرائیکر کی خدمات سے محروم ہو گئی۔

کوارٹر فائنل کے 48 ویں منٹ میں گیند چلی کے کھلاڑی یوجینیو مینا کے پاس جا رہی تھی اور گیند کے حصول کے لیے گیبریئل جیزز نے گیند کو فلائنگ کک مارنے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک گیند نکل چکی تھی اور ان کی کک سیدھا چلی کے کھلاڑی کے منہ پر جا لگی اور وہ زمین پر ڈھیر ہو گئے۔

گیبریئل کو جیزز کو اس حرکت پر فوراً ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا لیکن کھیل کے بقیہ 42 منٹ اہم کھلاڑی سے محروم ہونے کے باوجود برازیل کی ٹیم کامیابی سے دفاع میں کامیاب رہی اور 0-1 سے فتح حاصل کر لی۔

برازیل کے مشہور اسٹار نیمار اور کوچ ٹائٹ نے میچ کے بعد کہا کہ گیبریئل نے مینا کو نہیں دیکھا تھا اور مڈفیلڈ میں گیند حاصل کرنے کی جدوجہد میں حادثاتی طور پر انہیں کک مار بیٹھے۔

برازیل کے تھیاگو سلوا نے کہا کہ بہترین انداز میں دفاع ہمارے کھلاڑیوں کی اہم خوبی ہے، جو کچھ آج ہوا اس سے قطع نظر ہم پر ایک بھی گول نہیں پڑا، 10 کھلاڑی ہونے کے باوجود ہم نے گول کے مواقع بھی پیدا کیے اور ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔

میچ ریفری برازیل کے گیبریئل کو خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھا رہے ہیں— فوٹو: اے پی
میچ ریفری برازیل کے گیبریئل کو خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

نیمار نے کہا کہ ایک کھلاڑی سے محروم ہونے کے بعد یہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والی برازیل کی ٹیم کا بہترین امتحان تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ میں مختلف طرح کے امتحانات سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ہم مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں جو ہمیں یہ یقین فراہم کرتا ہے کہ ہم کسی بھی حال میں جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ادھر میچ میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی چلی کی ٹیم کے آرٹیورو ویڈال نے پورے ایونٹ میں شاندار کھیل پر اپنی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

ادھر ٹورنامنٹ میں پیرو کی ٹیم پیراگوئے کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی جہاں اس نے مقررہ وقت میں مقابلہ 3-3 سے برابر ہونے کے بعد پینالٹی ککس پر فتح اپنے نام کی۔

2019 میں کھیلے گئے آخری کوپا امریکا کپ کا فائنل برازیل اور پیرو کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں برازیل نے 1-3 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2019 میں ریو ماراکانہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھی گیبریئل جیزز کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024