فیس ماسک کا استعمال کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے بہترین
فیس ماسک کا استعمال نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی، آکسفورڈ یونیورسٹی اور کوپن ہیگن یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں فیس ماسک کے اثرات کا جائزہ 6 براعظموں میں لیا گیا۔
فیس ماسک کا استعمال کووڈ 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اہم ترین رکاوٹ کا کردار ادا کرتا ہے اور تجرباتی تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس سے کسی کے بات کرنے سے بنےن والے ذرات یا ہوا میں موجود ذرات کی روک تھام ہوتی ہے۔
تاہم اب تک اس وبائی بیماری کے پھیلائو پر اس اثر کا وبائی ڈیٹا کو مدنظر رکھ کر جائزہ نہیں لیا گیا تھا۔
تحقیقی ٹیم نے فیس ماسک کے اثرات کا تجزیہ کیا جو اپنی طرز کا سب سے بڑے سروے بھی ہے جس میں 2 کروڑ افراد اور 6 براعظموں کے 92 خطوں کے ڈیٹا کو دیکھا گیا۔
محققین نے ماضی کے تحقیقی کام کا بھی تجزیہ کیا۔
انہوں نے ایک تیکنیک hierarchical Bayesian ماڈلنگ کو استعمال کرکے فیس ماسک پہننے اور فیس ماسک کے استعمال کی پابندی کے اثرات کا ان خطوں میں کیسز کی تعداد سے موازنہ کیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر کسی خطے میں سب لوگ فیس ماسک کا استعمال کریں تو کووڈ 19 کے کیسز کی شرح میں 25 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فیس ماسک کے لازمی استعمال کی پابندی لوگ بتدریج کرتے ہیں اور کیسز کی تعداد سے کسی علاقے میں فیس ماسک پہننے کی شرح کی پیشگوئی بھی کی اجسکتی ہے۔
محققین نے کہا کہ اس وقت جب فیس ماسک کا استعمال گھٹ رہا ہے اور ان کو پہننے کی پابندی بھی بتدریج ختم ہورہی ہے، اس وقت ہماری تحقیق سے تصدیق ہوتی ہے کہ کسی آبادی میں فیس ماسکس کووڈ 19 کی روک تھام میں اہم اثرات مرتب کرتےہ یں۔
اس تحقیقی ٹیم کا کام ابھی جاری ہے اور اب کورونا کی نئی اقسام پر فیس ماسک کے اثرات کا تجزیہ کیا جارہا ہے جبکہ یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ کس قسم کے ماسکس کو پہننا بیماری سے زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے۔