• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

دلیپ کمار کی ریاستی اعزاز کے ساتھ ممبئی میں تدفین

دلیپ کمار کا انتقال 98 سال کی عمر میں ہوا — ٹوئٹر فوٹو
دلیپ کمار کا انتقال 98 سال کی عمر میں ہوا — ٹوئٹر فوٹو

لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی تدفین ممبئی کے ایک مقامی قبرستان میں ریاستی اعزاز کے ساتھ کردی گئی۔

98 سالہ اداکارہ 7 جولائی کی صبح ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے اور نماز جنازہ کے بعد ان کی تدفین سانتا کروز کے علاقے میں جوہو قبرستان میں ہوئی۔

مزید پڑھیں : ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار انتقال کرگئے

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو تھاکرے نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تدفین کے موقع پر کووڈ 19 کی پابندیوں کے باعث بہت کم افراد نے شرکت کی تھی۔

فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس
فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس

اس سے قبل اداکار شاہ رخ خان، رنبیر کپور، دھرمیندرا، شبانہ اعظمی اور ودیا بالن نے دلیپ کمار کی رہائشگاہ پر جاکر ان کی اہلیہ سائرہ بانو سے تعزیت کی تھی۔

وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی لیجنڈ اداکار کی اہلیہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی تھی۔

فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس
فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس

خیال رہے کہ دلیپ کمار کو طویل عرصے سے سانس میں مشکلات، پھیپھڑوں اور گردوں کی بیماری کی وجہ سے گزشتہ چند سال میں متعدد مرتبہ ہسپتال داخل کرایا گیا تھا اور وہ زندگی کے آخری ایام میں بھی زیر علاج رہے۔

دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ان کے ترجمان فیصل صدیقی کی جانب سے کی گئی مختصر ٹوئٹ میں 'شہنشاہ جذبات' کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی گئی۔

دلیپ کمار کو ایک ہفتہ قبل 30 جون کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث ایک ہی مہینے میں دوسری مرتبہ ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، اس سے قبل وہ جون کے شروع میں بھی ہسپتال میں داخل ہوچکے تھے اور ایک ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار ایک ماہ میں دوسری مرتبہ ہسپتال منتقل

دو ہفتے قبل ہی دلیپ کمار کے پھیپھڑوں سے کامیابی سے پانی نکالا گیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت رہی اور طویل العمری کی وجہ سے ان کے اہل خانہ نے انہیں ہسپتال میں ہی داخل کرانے کا فیصلہ کیا۔

ایک ہفتے سے ہسپتال میں موجود دلیپ کمار کے حوالے سے ان کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل اور بھارتی میڈیا میں خبریں تھیں کہ ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے لیکن 7 جولائی کی صبح کو وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

لیجنڈری اداکار کے انتقال پر جہاں مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا، وہیں بھارتی اور پاکستانی سیاست دانوں، شوبز و سماجی شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

بھارتی صدر رام ناتھ کووِند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ امیتابھ بچن، اکشے کمار، اجے دیوگن، سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان، مادھوری ڈکشٹ اور کرینہ کپور سمیت تمام بولی وڈ اداکاروں نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔

پشاور میں غائبانہ نماز جنازہ

دلیپ کمار کی دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ پشاور میں محلہ خداد میں ان کے آبائی گھر میں بھی ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں مداحوں اور شہریوں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر اداکار کی یاد میں شمعیں بھی جلائی گئیں۔

اس موقع پر دلیپ کمار کے بھتیجے فواد اسحاق نے کہا کہ ہم نے بھارت جانے کے لیے ویزے کی درخواست جمع کرائی ہے اور اس کے ملنے پر خاندان دعا کے لیے وہاں جائے گا۔

وہ تقسیم ہند سے قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہوئے، ان کا اصل نام یوسف خان تھا اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم 'جوار بھاٹا' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔

وہ 'انداز'، 'داغ'، 'رام اور شام'، 'نیا دور'، 'مدھومتی' ’دیوداس‘ اور 'آدمی' جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ رہے تھے۔

انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کی رومانوی اداکاری اور 'رام اور شام' میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا تھا۔

ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

دلیپ کمار کو حکومت پاکستان بھی 1998 میں نشان امتیاز ایوارڈ سے نواز چکی ہے، انہیں اس وقت کے صدر محمد رفیق تارڑ نے ایوارڈ سے نوازا تھا۔

دلیپ کمار کو 1998 میں حکومت پاکستان نے ایوارڈ سے نوازا تھا—فائل فوٹو ٹوئٹر
دلیپ کمار کو 1998 میں حکومت پاکستان نے ایوارڈ سے نوازا تھا—فائل فوٹو ٹوئٹر

شہنشاہ جذبات 11 اکتوبر 1966 کو خوبرو اداکارہ سائرہ بانو سے رشتہ ازدواج میں بندھے، اس وقت دلیپ کمار 44 سال جب کہ سائرہ بانو صرف 22 سال کی تھیں۔

اس دوران کئی لوگوں نے ان کی عمر کا فرق دیکھ کر کہا تھا کہ یہ شادی طویل عرصے تک جاری نہیں رہ پائے گی، تاہم دونوں نے تمام تجزیوں کو غلط ثابت کیا اور مرتے دم تک ان کا ایک دوسرے کے ساتھ رشتہ رہا۔

دونوں نے 1966 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
دونوں نے 1966 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024