• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

محض چند روز نیند کی کمی کے نقصانات آپ کی توقع سے بھی زیادہ مضر

شائع July 8, 2021 اپ ڈیٹ July 9, 2021
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

نیند کی کمی کے بارے میں تو پہلے سے معلوم ہے کہ اس سے صحت متاثر ہوتی ہے۔

تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ محض 3 راتوں تک نیند کی کمی بھی ذہنی اور جسمانی صحت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

سائوتھ فلوریڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں مسلسل 8 دن تک 6 گھنٹے سے کم نیند کے اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

6 گھنٹے وہ کم از کم وقت ہے جو مناسب نیند کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض ایک رات کی نیند متاثر ہونے سے بھی مختلف علامات نمودار ہونے لگتی ہیں۔

مختلف ذہنی اورجسمانی مسائل مسلسل 3 راتوں تک کم نیند کے نتیجے میں بدترین ہونے لگتے ہیں اورایک وقت تو ایسا آتا ہے جب جسم نیند کی کمی کا عادی ہونے لگتا ہے۔

مگر چھٹے دن سب کچھ بدل جاتا ہے اور اس موقع پر جسمانی علامات بدترین سطح پر پہنچ جاتی ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد کا خیال ہوتا ہے کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر وہ پورے ہفتے کی نیند پوری کرلیں گے۔ تاہم تحقیق کے نتائج سے ثابت ہے کہ محض ایک رات کی نیند پوری نہ ہونا بھی روزمرہ کے افعال کی صلاحیت کو نمایاں حد تک متاثر کرسکتا ہے۔

اس تحقیق میں درمیانی عمر کے 2 ہزار افراد کے ڈیٹا کو شامل کیا گیا تھا جو صحت مند اور تعلیم یافتہ تھے۔

ان میں سے 42 فیصد کو ہفتے میں کم از کم ایک رات نیند کی کمی کا سامنا ہوتا ہے یعنی وہ معمول سے ڈیڑھ گھنٹہ کم سوتے۔

ان افراد نے 8 دنوں تک اپنے ذہنی اور جسمانی رویوں کو ڈائری میں تحریر کیا تاکہ محققین کو یہ تجزیہ کرنے میں مدد مل سکے کہ نیند کی کمی کس حد تک جسم پر اثرانداز ہوتی ہے۔

ان افراد نے نیند کی کمی کے باعث جسمانی توانائی میں کمی، ذہنی الجھن، چڑچڑے پن اور ذہنی انتشار جیسے مسائل کو رپورٹ کیا جبکہ انہیں زیادہ جسمانی علامات بشمول نظام تنفس کے مسائل، خارش، ہاضمے کے امرض اور دیگر طبی عوارض کا تجربہ ہوا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان منفی احساسات اور علامات کی شدت ہر گزرتی رات کے ساتھ نیند کی کمی کے نتیجے میں بڑھ جاتی ہے اور اس وقت تک معمول پر نہیں آپاتی جب تک وہ ایک رات 6 گھنٹے سے زیادہ نیند کا مزہ نہیں لے لیتے۔

اس سے قبل ان محققین کی ایک گزشتہ تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ رات بھر میں صرف 16 منٹ کی نیند کم ہونے سے ملازمت کے دوران کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ نیند کی معمولی کمی سے بھی روزمرہ کے افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے اینالز آف بی ہیوئرل میڈیسن میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024