• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان کی بیٹنگ پھر دھوکا دے گئی، دوسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ کے نام

شائع July 18, 2021 اپ ڈیٹ July 19, 2021
محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
—فوٹو: ای سی بی
—فوٹو: ای سی بی

انگلینڈ نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد شان دار واپسی کرتے ہوئے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لیڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں 31 رنز سے شکست

پاکستان کی جانب سے آل راؤنڈر عماد وسیم نے پہلا اوور کیا اور چوتھی گیند پر خطرناک عزائم رکھنے والے جیسن روئے کو محمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ کیا۔

جیسن روئے نے ابتدائی 4 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنا لیے تھے۔

عماد وسیم نے تیسرے اوور میں ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ڈیوڈ ملان کو پویلین کی راہ دکھائی، جنہوں نے صرف ایک رن بنایا تھا۔

انگلینڈ کی ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرکے عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی.

معین علی اور جاز بٹلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا اور اسکور کو 85 رنز تک پہنچایا۔

محمد حسنین نے 36 رنز بنانے والے معین علی کو بابراعظم کا کیچ بنادیا، معین نے 16 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلی۔

بٹلر کا ساتھ دینے کے لیے لیونگسٹن کریز پر آئے اور بٹلر کے ساتھ مل کر 52 رنز کا اضافہ کیا تاہم کپتان کو محمد حسنین نے آؤٹ کیا۔

آئن مورگن کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جاز بٹلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، انگلینڈ کا اسکور 137 رنز پر پہنچا تو بٹلر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جونی بیئراسٹو آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جن کو 153 کے اسکور پر شاداب خان نے آؤٹ کیا تو وہ 13 رنز بنا چکے تھے۔

گزشتہ میچ میں جارحانہ سنچری کرنے والے لیام لیونگسٹن وکٹوں کے درمیان رنز بنانے کی کوشش میں باہر ہوگئے، تاہم انہوں نے 38 رنز بنائے تھے، جس میں 2 چوکوں اور 3 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کے بلے بازوں نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو آؤٹ کر دیا، سوائے کرس جارڈن کے 14 رنز کی اننگز کے دیگر بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہیں کر پائے۔

انگلینڈ کی ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین کامیاب باؤلر رہے اور سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے 50 رنز کا ایک اچھا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کی یاد تازہ نہ کرپائے اور صرف 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

محمد رضوان نے صہیب مقصود کے ساتھ 71 رنز تک پہنچایا لیکن صہیب روایتی انداز میں جلد بازی کا شکار ہوئے اور 10 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کا اسکور 11 ویں اوور میں 82 رنز پر پہنچا تھا کہ محمد رضوان کو عادل رشید نے اپنی گیند پر کیچ کرکے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچایا۔

محمد رضوان 82 کے مجموعے پر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے، جس کے بعد محمد حفیظ اور فخر زمان بیٹنگ کے لیے کریز پر اترے لیکن ان کی ہمت بہت جلد جواب دے گئی۔

محمد حفیظ 93 کے اسکور پر صرف 10 رنز اور فخر زمان 95 کے اسکور پر 8 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

اپنے کیریئر کا دوسرا میچ کھیلنے والے اعظم خان ایک رن بنا پائے تاہم عماد وسیم نے شاداب خان کا کچھ دیر کے لیے ساتھ نبھایا۔

عماد وسیم 142 کے اسکور پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی دو رنز کا اضافہ کرپائے اور ثاقب محمود کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ حارث رؤف کو کھاتہ کھولنے کی نوبت بھی نہیں آئی ہے۔

پاکستان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 155 رنز بنا سکی اور میچ میں 45 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شاداب خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 36 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے ثاقب محمود نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، تجربہ کار عادل رشید اور معین علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی.

خیال رہے کہ گزشتہ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی تھی.

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ: جاز بٹلر (کپتان)، جیسن روئے، ڈیوڈ ملان، معین علی، لیام لیونگسٹن، جونی بیئراسٹو، ٹام کرن، کرس جارڈن، عادل رشید، ثاقب محمود، میٹ پارکنسن

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، صہیب مقصود، محمد حفیظ، فخر زمان، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد حسنین

تبصرے (1) بند ہیں

عمران Jul 19, 2021 01:44pm
صرف بیٹنگ نے ہی نہیں بابر اعظم کی کپتانی اور ٹیم کی سلیکشن نے بھی دھوکا دیا ہے۔ ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت اور شاداب کو ناقص باولنگ کے باوجود کھلانے پر اصرار اور اعظم خان کی سلیکشن بھی سوالیہ نشان ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024