• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

صوبائی حکومتیں انفرادی فیصلے نہیں کرسکتیں، صنعتوں کو کھولنا ہوگا، فواد چوہدری

شائع July 31, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں انفرادی فیصلے نہیں کرسکتیں، سندھ حکومت کو صنعتوں کو کھولنا ہوگا اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی گائیڈ لائنز کے مطابق حکمت عملی بنانی ہوگی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت نے کورونا وائرس کے جو اقدامات کرنے چاہیے تھے وہ انہوں نے نہیں کیا جس کی وجہ سے دنیا میں چوتھی لہر آئی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی حکومت نے بدقسمتی سے ایسے اقدامات نہیں کیے کہ کورونا وائرس میں کمی آتی، دنیا کی معیشتیں جب اس پر فتح حاصل کرتے ہوئے بحالی کے قریب تھیں اس وقت بھارتی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کی وجہ سے دنیا کو بھارتی ڈٰیلٹا وائرس کا سامنا کرنا پڑرہا ہے'۔

مزید پڑھیں: کووڈ-19 کے باعث سندھ میں لاک ڈاؤن: 'عام آدمی کو متاثر کرنے والے ہر اقدام کے خلاف ہیں'

انہوں نے کہا کہ 'اس صورتحال میں سندھ حکومت کے فیصلے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، گزشتہ روز بھی واضح طور پر کہا تھا کہ جب ہماری حکمت عملی کامیاب ہورہی ہے تو اسے ایسے بدلنا نہیں چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اگر این سی او سی، وفاقی حکومت کی ہدایت کے خلاف صنعتوں کو بند کردے گی تو پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن صنعتوں میں 100 فیصد ویکسینیشن ہوگئی ہے اس صنعت کو کھولنا چاہیے، سندھ حکومت عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے، ان کا روزگار چھین رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی شہہ رگ ہے، معیشت جب اوپر جارہی ہے اس وقت مکمل لاک ڈاؤن کی بات کرنا بہت نامناسب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے واضح ہیں، سندھ حکومت انفرادی فیصلے نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت اور این سی او سی کی حکمت عملی سے باہر نہیں جایا جاسکتا اور ضروری ہے کہ جو بھی حکمت عملی اپنائیں وہ این سی او سی کی منظور اور وفاقی حکومت کی گائیڈلائنز پر بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: مکمل لاک ڈاؤن نہیں کررہے، مخصوص شعبے بند رہیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ صنعتوں کو فوری طور پر کھولا جائے اور کمزور طبقے کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ ان کی کمر ٹوٹ جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جو حکمت عملی دی جارہی ہے اس پر عمل کرے، اگر آپ اتنے عقل مند ہوتے تو کراچی کی یہ حالت ہی نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم غلطیوں پر بحث میں پڑے بغیر وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے پیچھے کھڑی ہے اور ہم ان سے پورا تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں انفرادی فیصلے نہیں کرسکتی، صنعتوں کو کھولنا ہوگا اور این سی او سی کی گائیڈلائنز کے مطابق حکمت عملی بنانی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024