• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو ٹاپ فور میں دیکھ رہا ہوں، فواد عالم

شائع September 3, 2021
فواد عالم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
فواد عالم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فواد عالم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو ٹاپ فور میں دیکھ رہا ہوں اور وہ ورلڈ کپ جیت بھی سکتی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'ری پلے' میں گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ میری کوشش یہ ہے کہ پاکستان کے لیے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلاؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ بھی ہم بہت قریب آکر ہارے تھے تو کوشش یہی تھی کہ سیریز جیت نہیں سکتے لیکن ڈرا کر سکتے ہیں اور ڈرا کر کے بھی اگلی سیریز کے لیے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کے ہی ملک میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں اچھی ہیں اور کنڈیشنز بھی ان کے لیے سازگار تھیں لیکن مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی اور خوشی ہے کہ ٹیم کی جیت میں میرا بھی کردار رہا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد عالم نے سنچری کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا

پہلے ٹیسٹ میچ میں آخری لمحات میں شکست کے حوالے سے بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ اتنی محنت کے بعد میچ ہارنے پر بہت دکھ ہوتا ہے کیونکہ اگلے ٹیسٹ میچ کے آغاز تک انتظار انتہائی صبر آزما ہوتا ہے۔

گزرے سالوں میں پرفارمنس کے باوجود مواقع ملنے کے ذکر پر فواد نے کہا کہ جو نصیب میں نہیں ہے وہ مل نہیں سکتا، اللہ تعالیٰ نے فرسٹ کلاس میں بہت ریکارڈز میرے نام کرائے، کوئی چیز ضائع نہیں ہوتی بلکہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور وہ چیز آپ کو اسی وقت پر ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ میرے سال ضائع ہوئے، ان 10 سالوں میں جو ریکارڈز بنائے اس کے نتیجے میں بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ میرا نام جڑا جو کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔

فواد عالم نے کہا کہ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ہمارے لیے ہر میچ اور ہر سیریز اہم ہے، بنگلہ دیش کے بعد ہماری آسٹریلیا سے سیریز ہے اور اس سے قبل فرسٹ کلاس سیزن بھی ہے تو اچھا ہے کہ ہماری کارکردگی میں تسلسل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ہم نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز میں شکست دی، کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کو بھی مات دیں۔

مزید پڑھیں: فواد عالم: جس نے اپنا ہی نہیں، کئی نوجوان کھلاڑیوں کا کیس بھی جیت لیا

انہوں نے کہا کہ ٹی20 میں ہماری ٹیم بہت زبردست کارکردگی دکھا رہی ہے، سب لڑکے اچھی فارم میں ہیں جبکہ باؤلرز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فواد عالم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز ہمارے لیے سازگار ہیں، ہم آٹھ سے نو سال وہاں کھیل چکے ہیں جس سے ہمیں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹاپ فور میں دیکھ رہا ہوں اور ہماری ٹیم ورلڈ کپ جیت بھی سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024