• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

خواتین پارلیمنٹیرینز کو واٹس ایپ گروپس میں ایڈ کرکے ہراساں کیا جا رہا ہے، ناز بلوچ

شائع September 2, 2021
ناز بلوچ نے کہا کہ سینیٹر روبینہ خالد کو بھی گروپ میں شامل کیا گیا تھا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
ناز بلوچ نے کہا کہ سینیٹر روبینہ خالد کو بھی گروپ میں شامل کیا گیا تھا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ بین الاقوامی نمبروں سے خواتین اراکین پارلیمنٹ کو واٹس ایپ گروپوں میں شامل کرکے ہراساں کیا جاتا ہے۔

ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت دیگر اراکین کی طرح سینیٹر روبینہ خالد کو بھی انٹرنیشنل گروپ نے ایڈ کیا جبکہ سینیٹر روبینہ خالد نے گروپ میں لکھا کہ وہ سائبرکرائم ونگ میں رپورٹ کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی میں خواتین کیلئے کوئی جگہ نہیں، ناز بلوچ

ان کا کہنا تھا کہ رویبنہ خالد کی جانب سے رپورٹ کرنے کی بات پر ایک خاتون پولیس اہلکار کی تصویر گروپ میں دی گئی اور اس پر غلط زبان استعمال کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مقامی اور بین الاقوامی نمبروں سے بھی گروپس میں ایڈ کرکے کال کی جاتی ہے، ہمارے نام لے کر غلط زبان استعمال کی جاتی ہے۔

پی پی پی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی گروپ چھوڑ دیے اور نمبرز بھی بلاک کرا دیے ہیں۔

انہوں نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے مطالبہ کیا کہ واٹس ایپ کو خط لکھا جائے اور اس سے آگاہ کیا جائے کہ بین الاقوامی نمبروں سے آنے والی کالز روکیں کیونکہ پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل نمبرز پر ان کی دسترس نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ پر نہ صرف پارلیمنٹیرین بلکہ دیگر افراد کو بھی ایڈ کرکے غلط زبان استعمال کی جارہی ہے، جو ہراسمنٹ کے زمرے میں آتا ہے اور اس طرح ہراساں کیا جارہا ہے، ہم اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔

ناز بلوچ نے کہا کہ سائبر کرائم ونگ میں ایک بھی خاتون نہیں ہے اور متاثرہ خواتین اپنے مسائل مردوں کے سامنے پیش کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہوتی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں خواتین کو بھی بھرتی کر لیا جائے تاکہ خواتین کی مشکل دور ہوجائے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اراکین پارلیمان کا وزیر اعظم کے ریپ سے متعلق بیان کا دفاع

قبل ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے اہم انکشافات کیے تھے اور پی پی پی رکن اسمبلی ناز بلوچ نے کہا تھا کہ مجھے ایک بین الاقوامی نمبر سے واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واٹس ایپ گروپ میں اور بھی خواتین اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کو شامل کیا گیا اور گروپ میں غیر اخلاقی اور نازیبا پیغامات بھیجا شروع کر دیے گئے۔

ناز بلوچ نے کہا تھا کہ خواتین سینٹرز اور اراکین اسمبلی نے اس گروپ کو فوری طور پر چھوڑا اور سوچا کہ ہم ایف آئی اے سے رابطہ کرتے ہیں کہ کیا معلوم کیا جا سکتا ہے کہ وہ واٹس ایپ نمبر پاکستان میں ہے۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کو واٹس ایپ نمبروں سے اگر اس طرح ہراساں کیا جاتا ہے تو پھر عام لوگوں کا کیا حال ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا ٹرینڈ چلا ہے کہ بین الاقوامی واٹس ایپ نمبر سے لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکشین (پی ٹی اے) حکام نے بتایا تھا کہ ہم موبائل فون کی لوکیشن معلوم کر سکتے ہیں لیکن واٹس ایپ کی لوکیشن معلوم نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر کوئی پاکستانی نمبر لےکر واٹس ایپ پر اکاؤنٹ بنائے، سم توڑ دے اور باہر ملک سے جا کر اس واٹس ایپ کو استعمال کرے تو ہم اس کو بھی ٹریس نہیں کر سکتے۔

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہم پلیٹ فارم سے رابطہ کرکے کہہ سکتے ہیں کہ اس معاملے کو دیکھا جائے، لیکن سوشل میڈیا پیلٹ فارم، ریگولیٹر سے کہیں زیادہ صارفین کے مسائل پر انہیں جواب دیتے ہیں۔

پی ٹی اے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہم بھی اس کیس کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو شکایت کریں گے لیکن وہ ہم سے زیادہ جلدی صارفین کی شکایت کو دیکھیں گے۔

پارلیمانی کمیٹی کے رکن علی جدون نے کہا کہ ہم نے بار بار پی ٹی اے کو کہا کہ غیر قانونی سمز کا حل نکالیں لیکن پی ٹی اے غیر قانونی سمز روکنے میں ناکام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمز بیچنے والے جگہ جگہ اسٹالز لگا کر سمز بیچتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024