• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

میتھیو ہیڈن قومی ٹیم کے بیٹنگ اور ورنن فلینڈر باؤلنگ کوچ مقرر

شائع September 13, 2021
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

نومنتخب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پی سی بی نے میتھیو ہیڈن کو قومی ٹیم کے بیٹنگ اور ورنن فلینڈر کی باؤلنگ کوچ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد لاہور میں اپنی پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا، اتنے بڑے لیڈر کے اعتماد کے اظہار سے کچھ کرنے کی خواہش میں اضافہ ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آسان کام نہیں، ہم سب کو ٹیسٹ کیا جائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'مصباح الحق اور وقار یونس کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے محنت اور دیانت داری سے کام کیا ہے'۔

مزید پڑھیں: رمیز راجا اب پی سی بی کے بھی راجا

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی تاریخ میں بہت کم کرکٹرز اس بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کمنٹری باکس کا آسان عہدہ چھوڑ کر یہاں آنا مشکل تھا، چاہوں گا کہ کھل کر سب رد عمل دیں تاکہ مجھے اپنے بارے میں معلوم رہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا نظریہ واضح ہے، ہمیں اپنی کرکٹ کے ڈائریکشنز کو بدلنے کی ضرورت ہے، اس کے لیے چند طویل المدتی چند کم مدت کے اہداف ہیں جنہیں حاصل کرنا ہے'۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ بورڈ کی کارکردگی کا انحصار کرکٹ ٹیم پر ہوتا ہے، ہمیں اپنی کوچنگ پر نظر ثانی کرنی ہوگی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب تک ہماری صلاحیتیں بہتر نہیں ہوں گی، تکنیک درست نہیں ہوں گی ہم بہتر ٹیم نہیں بن سکتے، ہمیں اب اپنی تکنیک کو بہتر بناتے ہوئے چیلنجز سے گزرنے پر بات کرنے کی ضرورت ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: رمیز راجا پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

انہوں نے کہا کہ بچز کا بہت برا حال ہے، اس پر کئی سالوں سے زیادہ بات نہیں کی گئی، مستقبل میں اس میں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ 'سوشل میڈیا پر ٹیم کی سلیکشن وغیرہ کے حوالے سے کئی باتیں کی جارہی ہیں، ہمیں نوجوانوں کے ساتھ چانس لینا ہی تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دنیا میں کہیں بھی سلیکشن پر اتنی بحث نہیں ہوئی جتنا یہاں ہوا، چاہتا ہوں کہ سب اس کی حمایت کریں اس ٹیم میں بہت صلاحیت ہے'۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 'پاکستان میں 192 فرسٹ کلاس پلیئرز کرکٹ کھیل رہے ہیں، سب کی ریٹینر شپ میں لاکھ روپے کا اضافہ کیا ہے، اس سے نظام میں ایک اطمینان کی صورتحال پیدا ہوگی، کرکٹ چیئرمین کے طور پر سمجھتا ہوں کہ پیسا وہاں لگے جہاں کرکٹرز اور نظام کی بھلائی ہو'۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 'ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن اور باؤلنگ کوچ ورنا فلینڈر کی بطور کوچ خدمات حاصل کرلی ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'بینک الفلاح نے ان کی فیس ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے، ان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری ہوئی ہے جبکہ پی سی بی پچز کے لیے بھی اسپانسرز کی تلاش کر رہی ہے'۔

مزید پڑھیں: رمیز راجا کی پسند سے اسکواڈ کے انتخاب کا تاثر غلط ہے، چیف سلیکٹر

انڈر 19 کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'انڈر 19 کا ٹی 20 ورلڈ لیگ کا آئندہ سال منصوبہ بنائیں گے، ہم اب تک انہیں ایسا ماحول نہیں دے رہے تھے کہ ان میں پیشہ ورانہ صلاحیتیں آسکیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز انڈر 19 کرکٹ کو بہتر بنانے میں بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اُمید کرتا ہوں کہ آگے جاکر 3 مہینے کی سمر اور 3 مہینے کی ونٹر لیگ کروائیں گے، کلبوں کو بہتر بنائیں گے اور کوئی بھی کلب اگر ایک بھی انٹرنیشنل ہیرو ہمیں فراہم کرے گا تو کلب کے اخراجات پی سی بی اٹھائے گا۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ 'میرا کام فیصلہ سازی کرنا ہے، مجھے معلوم ہے کہ یہ بہت مشکل کام ہے، چاہوں گا کہ چیئرمین کی جگہ ٹیم کے کپتان کی دخل اندازی زیادہ ہو اور پاکستانی ٹیم خوف سے باہر نکلے اور ٹیم کے ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو سمجھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'چاہتا ہوں کہ دنیا میں جب کرکٹ لوگ دیکھیں تو پاکستان کی ٹیم دیکھ کر چینل تبدیل نہ کریں، عوام کو ہر تھوڑے عرصے میں بہتری دیکھنے کو ملے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں یہاں پر گالیاں کھانے نہیں آیا ہوں، کسی وجہ سے لایا گیا ہے، تجاویز سر آنکھوں پر، ناقدین کو تعمیری جواب دیا جائے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024