• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

عمر شریف کے انتقال پر سیاستدانوں کا دکھ و افسوس کا اظہار

شائع October 2, 2021
نیائے فن میں نئی جہت بخشنے والے اور اسے بلندیوں پر پہنچانے والے ملک کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ - فائل فوٹو:انسٹاگرام
نیائے فن میں نئی جہت بخشنے والے اور اسے بلندیوں پر پہنچانے والے ملک کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ - فائل فوٹو:انسٹاگرام

دنیائے فن میں نئی جہت بخشنے والے اور اسے بلندیوں پر پہنچانے والے ملک کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر سیاستدانوں نے بھی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے عارضہ قلب، گردوں اور ذیابیطس کے مرض کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج رہنے والے لیجنڈری کامیڈین، اداکار و میزبان عمر شریف 66 سال کی عمر میں آج جرمنی میں انتقال کر گئے ہیں۔

'منفرد حس مزاح کے مالک تھے'

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمر شریف نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے'۔

'عمر شریف کا انتقال باعث صدمہ ہے'

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔

انہوں نے کہا مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور ان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم عمر شریف کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں سوگوار پرستاروں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

'عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے'

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف صاحب کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔

انہوں نے عمر شریف کے لیے دعا کی کہ 'اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے'۔

عمر شریف کی زندگی پر نظر ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'انہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے اور وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے'۔

' فن مزاح میں پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پورا ہوسکے'

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 'دنیائے مزاح کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمرشریف نے ہزاروں، لاکھوں دلوں پر راج کیا، ان کی وفات سے فن مزاح میں پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پورا ہوسکے'۔

انہوں نے کہا کہ 'رنج و الم کی گھڑی میں خدا تعالی سوگواران کوصبر جمیل اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں'۔

'حکومت سندھ نے عمر شریف کی زندگی بچانے میں بھرپور کردار ادا کیا'

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف ایک عظیم اداکار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی فن مزاح میں خدمات پوری دنیا میں یاد رکھی جائیں گی، حکومت سندھ نے عمر شریف کی زندگی بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’الوداع عمر شریف: آپ کو کبھی نہ بھلایا جاسکے گا‘

'مرحوم دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان تھے'

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی فنی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے انتہائی محنت و لگن سے مزاحیہ اداکاری کے شعبے میں اعلی ترین مقام حاصل کیا۔

انہوں نے عمر شریف کے غمزدہ لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024