• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بھارت کے خلاف جیت کر فاتحانہ آغاز کی کوشش کریں گے، بابراعظم

شائع October 13, 2021 اپ ڈیٹ October 15, 2021
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سینئر کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں موجودگی کو اہم قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سینئر کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں موجودگی کو اہم قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں تین سے زائد اسپنرز کو کھلا سکتے ہیں اور روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ جیت کر ٹی20 ورلڈ کپ کے فاتحانہ انداز میں آغاز کی کوشش کریں گے۔

ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں بحیثیت کپتان ورلڈ کپ میں شرکت کروں گا اور ہمیں اندازہ ہے کہ اس میں کتنا دباؤ ہوتا ہے، ہر میچ انتہائی دباؤ کا حامل ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ پہلا میچ ہی جیتیں اور اس مومینٹم کو آگے لے کر چلیں۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: وہ کھلاڑی جن کی فارم اپنی ٹیموں کیلئے پریشانی کا باعث ہے

ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہی پہلے میچ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بڑے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل چیز یہ ہوتی ہے کہ آپ کو خود پر یقین کتنا ہے اور آپ کا بحیثیت گروپ کتنا اعتماد ہے اور بحیثیت گروپ ہمارا اعتماد اور مورال بلند ہے اور مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم میچ کے دن اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہر میچ کے لحاظ سے منصوبہ بندی کریں اور اپنی پوری توجہ ٹورنامنٹ پر مرکوز رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی پرفارمنس دکھا کر آئے ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں موجودگی اہمیت کی حامل ہے اور ہم ان سے جتنا سیکھیں گے یہ ہمارے لیے اچھا ہے، انہوں نے ورلڈ کپ اور لیگز کھیلی ہیں اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے بہت کارآمد ہو گا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس اسکواڈ میں سات سے آٹھ لوگ وہی ہیں جنہوں نے چیمپیئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ بھی ساتھ کھیلا تھا جس کی وجہ سے بھی ہمیں اعتماد ہے، جو نئے کھلاڑی آئے ہیں ان کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کوشش یہی کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء کن حوالوں سے منفرد ہے؟

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک تجربہ کار اور میچ ونر ہیں، ہماری ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں، مجھے ٹیم پر مکمل اعتماد ہے کہ ہم اچھا کریں گے۔

اوپننگ کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ ممکنہ طور پر میں اور رضوان ہی اننگز کا آغاز کریں گے لیکن ہم متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی باؤلنگ پر پورا یقین ہے، وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے آ رہے ہیں اور جس باؤلر کو بھی موقع دیتا ہوں وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہے لہٰذا مجھے یقین ہے کہ یہ ہمیں میچ جتائیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر کا بہت تجربہ ہے، کوشش یہ ہے کہ ان سے سیکھ کر تجربے سے استفادہ کر سکیں۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء کے وہ مقابلے جن کا سب کو انتظار ہے!

انہوں نے کہا کہ باؤلرز ہمیں ٹورنامنٹ جتواتے ہیں اور ان پر مجھے پورا یقین ہے، حسن علی چیمپیئنز ٹرافی میں بہترین باؤلر رہے تھے اور ان کو اتنا تجربہ ہے کہ وہ پوری باؤلنگ لائن کو لے کر چل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کا پتہ ہے، ہمیں پتہ ہے کہ وکٹ کا رویہ کیسا ہو گا اور بلے بازوں کو کس طرح کھیلنا ہو گا لیکن میچ والے دن وہی ٹیم جیتے گی جو اچھی کرکٹ کھیلے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان کا میچ ہمیشہ دباؤ کا حامل ہوتا ہے، ہماری کوشش یہ ہوتی ہے کہ ہم کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ ہم جتنی زیادہ توجہ کرکٹ پر رکھیں گے پرسکون رہیں گے، اتنا ہی اچھی کارکردگی دکھائیں گے، بھارت کے خلاف میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انجری کے سبب صہیب ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر، شعیب ملک کی شمولیت

ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم تین سے زیادہ اسپنرز کھلا سکتے ہیں لیکن اس کا انحصار کنڈیشنز پر ہے، ہماری ٹیم میں شاداب، عماد اور حفیظ سمیت تین اسپنرز عموماً ہوتے ہیں اور اگر ہمیں لگا کہ ایک اور اسپنر کو کھلانے کی ضرورت ہے تو ہم ایسا ضرور استعمال کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024