واٹس ایپ نے گروپس کیلئے ایک فیچر کو مزید بہتر بنادیا
کورونا وائرس کی وبا کے دوران واٹس ایپ گروپ کالز میں اضافہ ہوا تھا اور اسی کے باعث کمپنی نے اس میں شامل افراد کی حد 8 افراد تک بڑھا دی تھی۔
اب فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی کی جانب سے گروپ چیٹ میں ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی وقت گروپ میں جاری کال کا حصہ بننا ممکن ہوجائے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ نیا فیچر خاندان اور دوستوں کے گروپس میں رابطے کا ایک نیا انداز ہے۔
آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ یہ نیا جوائن بٹن کس طرح استعمال کرسکتے ہیں جو کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو میں سمجھایا گیا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے گروپس کے لیے جوائن ایبل کالز کا فیچر جولائی 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
مگر اس کے لیے آن گوئنگ کالز کو دیکھنے کے لیے کال مینیو میں جانا پڑتا ہے۔
مگر اس نئے بٹن سے اب کسی بھی گروپ چیٹ ونڈو کو اوپن کرکے کال کا حصہ بننا بہت آسان ہوگیا ہے۔
گروپ میں کسی کال کے بارے میں جاننے کے لیے آپ کو چیٹ ونڈو پر گروپ کی ڈسپلے پکچر کو دیکھنا ہوگا۔
ایپ کی جانب سے گروپ کالز کے لیے ایک نئی 'لائٹ' رنگ ٹون کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کا مقصد واٹس ایپ کال کو شناخت کرنا ہے۔