• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

شائع October 29, 2021
میر عبدالقدوس بزنجو—فائل فوٹو:ڈان نیوز
میر عبدالقدوس بزنجو—فائل فوٹو:ڈان نیوز

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے میر عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

میر عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جن میں ایک ووٹ اپوزیشن رکن جبکہ 38 ووٹ بی اے پی اور اتحادی جماعتوں کے تھے۔

اسمبلی میں کُل 64 لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے اور عبدالقدوس بزنجو کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے لیے ان میں سے 33 ووٹ درکار تھے لیکن وہ باآسانی 39 ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے ہونے والے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے کی جس کے دوران آئین کی دفعہ 130 (4) کے تحت انتخاب عمل میں لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالقدوس بزنجو کے بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے کا امکان

بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے صرف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نواب ثنا اللہ زہری نے ووٹ دیا۔

ان کے سوا جمعیت علمائے اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور آزاد امیدوار نواب اسلم رئیسانی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان آج گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جہاں وہ دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے سیکریٹری صوبائی اسمبلی کے پاس عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے 5کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے لیکن ان کے سوا کسی اور امیدوار نے قائد ایوان کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

مزید پڑھیں: بی اے پی نے عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا

خیال رہے کہ بلوچستان میں حکومتی جماعت بی اے پی کے ناراض اراکین کی جانب سے 20 اکتوبر کو بلوچستان اسمبلی میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔

تاہم قرار داد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل ہی جام کمال خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ عبدالقدوس بزنجو اس سے قبل اسپیکر بلوچستان اسمبلی تھے لیکن جام کمال خان کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کے لیے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

عبدالقدوس بزنجو کا مختصر تعارف

نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو یکم جنوری 1974کو بلوچستان کے علاقے آواران میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم آبائی علاقے آوران کے علاقے جاؤ سے حاصل کی۔

انہوں نے سال 2000 میں بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے انگریزی کی ڈگری حاصل کی۔

کوئٹہ: عبدالقدوس بزنجو نے سیاست کاآغاز 2002 میں مسلم لیگ (ق) کے پیلٹ فارم سے کیا اور 2002 سے 2007 تک جام کمال کے والد جام محمد یوسف کی کابینہ کا حصہ رہے۔

بعدازاں سال 2013 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ بلوچستان کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے اور 2015 میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی کے مستعفی ہونے کے بعد اسپیکر بنے۔

اس سے قبل جنوری 2018 میں نواب ثنا اللہ زہر ی کے مستعفی ہونے کے بعد وہ پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے منصب پر فائز ہوئےاور 7جون 2018 تک وزارت اعلیٰ کے منصب پر فرائض سرانجام دیے۔

بعدازاں 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد 16 اگست 2018 کو اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے جس سے انہوں نے 25 اکتوبر 2021 کو استعفیٰ دے دیا تھا۔

عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024