• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

عوام کا سمندر گواہی دے رہا ہے عمران خان تمہارا وقت پورا ہوچکا، شہباز شریف

شائع October 31, 2021 اپ ڈیٹ November 1, 2021
شہباز شریف نے حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے عوام سے باہر نکلنے کا مطالبہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف نے حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے عوام سے باہر نکلنے کا مطالبہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کے خلاف احتجاج میں تیزی لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ عمران خان کا وقت پورا ہوچکا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے غریب کسانوں میں اربوں روپے تقسیم کیے، بیج اور کھاد دی، دیہات بسائے اور سولر انرجی کے ساتھ نئے گھربنائے۔

یہ بھی پڑھیں: موقع ملا تو کے پی کو پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا مصیبت میں گھرے ہوئے لوگوں کے لیے آخری حد تک آخری پیسہ اور آخری خون کا قطرہ نچھاور کردیں گے اور اس طرح جنوبی پنجاب کو دوبارہ آباد کیا اور دوبارہ شاداب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کھاد کی قیمت 1200 روپے تھی اور آج 2400 روپے ہے، آج یوریا کی قیمت آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غریب علاقوں میں یتیم بچے اور بچیوں کی مفت تعلیم کے لیے دانش اسکول نواز شریف کی قیادت میں بنے، ڈیرہ غازی خان میں غازی میڈیکل کالج، غازی یونیورسٹی اور رحیم یار خان میں اعلیٰ یونیورسٹی نواز شریف کے دور میں بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ میں طیب اردوان ہسپتال نواز شریف کے دور میں بنا جہاں مفت علاج ہوتا ہے اور مفت ادویات دی جاتی تھیں، لاکھوں لیپ ٹاپ نواز شریف کے دور میں دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کسانوں کو سستی کھاد، چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے ملے اور آج پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مقابلہ کرو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج یہاں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہے، یہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ عمران نیازی تمہارا وقت پورا ہوچکا ہے، ساڑھے تین سال تک عام آدمی کی زندگی آپ نے اجیرن کردی، مہنگائی اور غربت نے عوام کی کمر توڑ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ کون کہتا تھا اگر ڈالر کے مقابلے میں ایک روپیہ گرجائے تو وہ حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے، کون کہتا تھا کہ بجلی اور پیٹرول مہنگا ہو، مہنگائی ہو تو وہ حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف نے کراچی کا امن بحال، بھتہ خوری کا خاتمہ کیا، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر یہ شخص گلے پھاڑ کر دن رات کہتا تھا کہ اگر کرپشن ہے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے تو یہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بڑھ چکی ہے، تو کون کہتا تھا کہ کرپشن بڑھ جائے تو حکومت اور وزیراعظم چور ہوتا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ آج یہ ٹھاٹھیں مارتا عوام کا سمندر عمران خان کے سوالوں کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، نواز شریف نے عوام کو مصیبت میں تنہا نہیں چھوڑا اور اچھے وقت آنے والا ہے۔

کارکنوں سے انہوں نے کہا کہ آج میں آپ کو گواہ بنا کر کہنا چاہتا ہوں کہ اللہ کو منظور ہوا تو ان شااللہ جنوبی پنجاب کو میں وسطی پنجاب اور شمالی پنجاب سے بہتر کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج لاہور سے ڈیرہ غازی خان آرہا تھا تو پہلی مرتبہ لاہور ملتان موٹروے پر سفر کیا اور سارا راستہ نواز شریف کو دعائیں دیتا آیا کہ اگر ایسا شان دار روڈ نہ ہوتا تو میری کمر کا کیا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ-ڈیرہ غازی خان دو رویہ سڑک بنائی اس کا سہرا اویس خان لغاری کے سرجاتا ہے، انہوں نے کہا ہمارا روڈ بنادے اور ہم نےبنایا اور اس پر سفر کرکے مجھے خوشی ہوئی لیکن ہماری حکومت کے بعد جو کام رہ گیا تو اس کو موجودہ حکومت نے مکمل نہیں کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ان 3 برسوں میں 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے اور بتائیےکہ کوئی نئی اینٹ کہاں لگائی، کوئی نیا منصوبہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں چینی 52 روپے کلو تھی آج 120 روپے ہوگئی ہے، کل کو خدانخواستہ یہ عمران خان رہا تو 420 ہوجائے گی، آٹا 38 روپے سے 85 روپے کلو پہنچ گیا، گھی میں بےپناہ اضافہ ہوگیا ہے، ادویات 400 فیصد مہنگی ہوگئی ہیں، ہر روز بجلی اور پیٹرول کی قیمت عوام پر بم بن کر گر رہے ہیں اور اس وقت برا حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دہائیاں دے رہے ہیں کہ یہ پاکستان قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے یہ وہ پاکستان نے جو ہمارےبزرگوں نے اپنا خون دےکر بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی صرف ساڑھے 3 فیصد تھی آج 14 فیصد تک پہنچ گئی ہے، یہ حکومت ایک طرف مہنگائی کر رہی ہے تو دوسری طرف جھوٹ بولتے ہیں کہ خطے میں پاکستان میں مہنگائی باقی ملکوں سے کم ہے، بنگلہ دیش میں مہنگائی 5 فیصد سے کم اور سری لنکا میں 6 فیصد سےکم ہے جبکہ پاکستان میں 12 سے14 فیصد تک مہنگائی بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف گھر کی سیڑھی سے گرکر زخمی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اس وزیراعظم کو ذرا خیال نہیں، اتنا بے حس شخص ہے، اس جوہری پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی کردیا اور پاکستان کو کنگال کردیا ہے، مہنگائی کا بوجھ عوام کے کندھوں پر آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ رات لمبی نہیں ہے، میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں اٹھو اور مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف گھروں سے نکلو اور مہنگائی کے خلاف جنگ کرو اور اس ظالم حکومت کے خاتمے کے لیے اپنے آئینی اور سیاسی اختیار استعمال کرو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر اس مہنگائی اور ظالم حکومت کے خلاف مارچ کریں گے، جب تک ان کو بھگا نہیں دیں گے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دن رات مدینہ کی ریاست کا ذکر کرنے والے ہر وقت اور ہر لمحے وہ کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے آج پورا پاکستان اشک بار ہے، جنوبی پنجاب والوں ہمت نہیں ہارنی اور تیار ہوجاؤ، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ہم پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024