• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست

شائع November 2, 2021
بنگلہ دیشی بلے باز عفیف حسین بولڈ ہونے کے بعد وکٹ کی جانب دیکھ رہے ہی— فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیشی بلے باز عفیف حسین بولڈ ہونے کے بعد وکٹ کی جانب دیکھ رہے ہی— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

ابوظبی میں کھیلے گئے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بنگلہ دیشی اوپنرز محمد نعیم اور لٹن داس نے ٹیم کو 22 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر کگیسو ربادا نے نعیم کے ساتھ ساتھ نئے بلے باز سومیا سرکار کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ربادا نے اپنے اگلے اوور میں مشفیق کو بھی چلتا کردیا۔

کپتان محموداللہ ریاض بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے اور اینرچ نوکیا نے انہیں چلا کردیا جبکہ ڈیوین پریٹوریس نے عفیف حسین کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع فراہم نہ کیا۔

لٹن داس نے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا لیکن 24 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور تبریز شمسی نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد 11 رنز بنانے والے شمیم حسین کی اننگز کا بھی اختتام کردیا۔

تسکین بھی تین رنز سے زیادہ نہ بنا سکے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنے والے آٹھویں بلے باز بن گئے۔

اسکور 84 تک پہنچا تو اننگز کے 19ویں اوور میں اینرچ نوکیا نے لگاتار دو گیندوں پر 27 رنز بنانے والے مہدی حسن اور نُسم احمد کو چلتا کر کے بنگلہ دیشی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم 84 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا اور نوکیا نے تین، تین جبکہ تبریز شمسی نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقہ کو ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں ہی ریزا ہینڈرکس کی وکٹ گنوانا پڑی جو صرف چار رنز بنا کر تسکین احمد کی وکٹ بن گئے۔

کوئنٹن ڈی کوک نے راسی وین ڈر ڈوسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 84 تک پہنچایا لیکن وکٹ کیپر بلے باز 16 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ابھی جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ تسکین نے دوسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے ایڈن مرکرم کو صفر پر نعیم کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

33 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈوسن کا ساتھ دینے کپتان ٹیمبا باووما آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

ڈوسن آؤٹ ہونے سے قبل 27 گیندوں پر صرف 22 رنز بنا سکے لیکن جنوبی افریقہ نے 33 گیندوں قبل ہی باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

کپتان باووما نے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

کگیسو ربادا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایونٹ میں تیسری کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، اینرچ نوکیا اور تبریز شمسی

بنگلہ دیش: محموداللہ (کپتان)، لٹن داس، محمد نعیم، سومیا سرکار، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، شمیم حسین، مہدی حسن، شریف الاسلام، نسم احمد اور تسکین احمد

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024