• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

شوکت ترین کا شوگر انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار

شائع November 10, 2021
پی ایس ایم اے کے اراکین نے شوکت ترین کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا — فائل فوٹو: اے پی پی
پی ایس ایم اے کے اراکین نے شوکت ترین کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا — فائل فوٹو: اے پی پی

کراچی: وفاقی حکومت نے چینی کی صنعت کو ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا تاہم طلب اور رسد کو توازن میں رکھنے کے لیے ’جلد از جلد‘ پیداوار شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے وفد نے چیئرمین چوہدری ذکا اشرف کی قیادت میں اسلام آباد میں فنانس ڈویژن میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر برائے آبی وسائل چوہدری مونس الہٰی، پی ایس ایم اے کے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا چیپٹرز کے چیئرمینز، سیکریٹری این ایف ایس اینڈ آر اور انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: چینی کی قیمت یکدم 160 روپے فی کلو تک بڑھ گئی

ملاقات کے بعد ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’اجلاس کے دوران پی ایس ایم اے کے وفد نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور اس نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت سے مدد مانگی ہے‘۔

ایسوسی ایشن کے وفد نے شوگر انڈسٹری کے لیے ریلیف فراہم کرنے اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت سے مداخلت کی بھی درخواست کی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت، شوگر انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ مشیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو دونوں فریقین کے درمیان باقاعدہ ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کیا جائے گا لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے صنعت کو کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمتوں میں اضافہ سٹے کے نتیجے میں ہوا ہے، فواد چوہدری

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عام آدمی کو مناسب قیمت پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنا حکومت کی توجہ کا مرکز ہے اور اس سلسلے میں تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’مشیر خزانہ نے پی ایس ایم اے کے اراکین پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد پیداوار شروع کریں تاکہ طلب اور رسد کو توازن میں رکھا جا سکے۔

پی ایس ایم اے کے اراکین نے شوکت ترین کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عام آدمی کو سستی قیمت پر چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024