• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بنگلہ دیش کے خلاف عمدہ کارکردگی، شاہین کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے

شائع December 1, 2021
شاہین شاہ آفریدی پانچ بہترین فاسٹ باؤلرز کی فہرست کا حصہ بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی پانچ بہترین فاسٹ باؤلرز کی فہرست کا حصہ بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کے خلاف عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز حسن علی، شاہین آفریدی اور عابد علی کی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے اور شاہین پہلی مرتبہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ روزہ میچ اور ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی3 درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 5ویں پوزیشن پرپہنچ گئے ۔

شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں سمیت میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسی طرح میچ میں 7 وکٹیں لینے والے ایک اور پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی کی بھی ترقی ہوئی ہے اور پانچ درجے چھلانگیں لگاتے ہوئے کیریئر کی بہترین 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے اوپننگ بلے باز بھی تازہ ترین رینکنگ میں پیچھے نہیں رہے اور عابد علی کے ساتھ ساتھ پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق کی بھی ترقی ہوئی ہے۔

عابد بھلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن میچ میں 133 اور 91 کے اسکور کی بدولت 28 درجے ترقی پا کر کیریئر کی بہترین 20 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچری بنا کر اپنا انتخاب درست ثابت کرنے والے عبداللہ شفیق 83ویں نمبر کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ کا حصہ بنے ہیں۔

اس ترقی کے برعکس پاکستان کے کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کے باعث حسن علی پانچ درجے ترقی پاکر 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔

گال ٹیسٹ میچ میں 147 اور 83 رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے والے دمتھ کرونارتنے عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اینجلو میتھیوز اور دنیش چندیمل کی بھی ترقی ہوئی ہے۔

کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کے مطابق بھارت کے خلاف 95 اور 52 رنز کی اننگز کھیل کر میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ٹام لیتھم پانچ درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

کانپور ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے بھارت کے شریاس آئیر نے 105 اور 65 رنز کی اننگز کی بدولت عالمی درجہ بندی میں 74ویں نمبر سے انٹری کی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سرفہرست ہیں جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

باؤلنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدھی تیسرے نمبر پر ہیں۔

21 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ سے انگلینڈ کے باؤلر جیمز اینڈرسن، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن بھی پہلی مرتبہ دس بہترین باؤلرز کی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں اور چھ درجہ ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز کے شعبے میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے رویندرا جدیجا دوسرے اور ان کے ہم وطن روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024