• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دہی خریدنے کے لیے ٹرین روکنے والے ڈرائیور اور معاون معطل

شائع December 8, 2021
ڈرائیور اور اس کے معاون کو معطل کردیا گیا—فائل فوٹو: فیس بک
ڈرائیور اور اس کے معاون کو معطل کردیا گیا—فائل فوٹو: فیس بک

ریلوے کے وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے دہی خریدنے کے لیے ٹرین کو روکنے والے ڈرائیور اور اس کے معاون کو معطل کردیا۔

ڈرائیورز کی جانب سے ٹرین کو روک کر گھر کے لیے دہی خریدنے کا واقعہ اس وقت سامنے آیا تھا جب کہ 7 دسمبر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ڈان اخبار کے مطابق ٹرین کو کاہنہ ریلوے اسٹیشن کے قریب روک کو گھر کے لیے دہی خریدنے کی ویڈیو وائرل ہونے اور ریلوے پرتنقید کیے جانے کے بعد وزیر ریلوے اعظم سواتی نے واقعے کا نوٹس لیا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے لاہور انتظامیہ کو حکم دیا کہ ٹرین کے ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور اس کے معاون افتخار حسین کو معطل کیا جائے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی شخص کی اس طرح کی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام کی امانت کے مال کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی غلط عمل ہے۔

مذکورہ واقعے کی ویڈیو 7 دسمبر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص کو دہی خرید کر ٹرین پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

ویڈیو میں نظر نہ آنے والا ایک شخص بتاتا ہے کہ دہی خریدنے والا شخص ٹرین کا معاون ڈرائیور ہے، جنہوں نے گھر کے لیے دہی خریدنے کے لیے ٹرین کو اسٹیشن کے قریب روکا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی دہی خریدنے والا شخص ڈرائیور کی بوگی پر چڑھتا ہے تو رکی ہوئی ٹرین چلنے لگتی ہے۔

مذکورہ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں نے نہ صرف ریلوے انتظامیہ پر تنقید کی تھی بلکہ وزیر اعظم سے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تاہم بعض افراد نے ویڈیو پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے کہ کوئی کیسا بھی ہو گھر جانے اور گھر چلانے کے لیے دہی تو خریدنی پڑتی ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ برس دسمبر میں ڈرائیورز سمیت دیگر ریلوے حکام پر دوران سفر موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔

ریلوے کے بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ سے حکام نے دسمبر 2020 میں مسافروں کے سیلفی لینے سمیت ان کی جانب سے ویڈیو شوٹ کرنے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024