• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

قلندرز کا سہیل اختر کی جگہ شاہین آفریدی کو کپتان مقرر کرنے کا اعلان

شائع December 20, 2021
شاہین شاہ آفریدی 2018 کے سیزن میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کا حصہ بنے تھے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
شاہین شاہ آفریدی 2018 کے سیزن میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کا حصہ بنے تھے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہیں کپتان بنانے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے نائب کپتان مقرر

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے پلیٹ فارم سے ینگ ہیروز کو چانس دیا جائے، آج ہم ایک اہم قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچ عاقب جاوید نے کمال دکھاتے ہوئے پلیئر ڈیلپمنٹ پروگرام سے دلبر حسین، حارث اور سہیل اختر جیسے کھلاڑی فراہم کرے اور آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہمارے کپتان شاہین شاہ آفریدی ہیں۔

اس موقع پر شاہین آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت سونپنے پر لاہور قلندرز اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری ہیشہ کوشش ہوتی ہے کہ 100فیصد کارکردگی دکھاؤں اور ٹیم کو ساتھ لے کر چلوں، ہمارا یہ سفر اچھا رہے گا اور امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اظہر علی لاہور قلندرز کے کپتان مقرر

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے کیونکہ میری سوچ ہمیشہ سے یہی رہی ہے کہ نوجوان لڑکوں کو سپورٹ اور ان کی رہنمائی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے آج تک کوئی کرکٹرز اتنی جلدی گروم ہوتا ہوا نظر نہیں آیا جتنی جلدی شاہین نے خود کو ایک بہترین باؤلر کے طور پر منوایا ہے اور صرف ایک کھلاڑی ہی نہیں بلکہ وہ بحیثیت انسان بھی بہت بڑے ہیں۔

جب دوران پریس کانفرنس شاہین سے سوال کیا گیا کہ کیا فاسٹ باؤلر اچھے کپتان ہو سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ بالکل ہوسکتے ہیں، ہم کوشش تو کر سکتے ہیں اور تبدیلی بھی لا سکتے ہیں لیکن اچھی والی تبدیلی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ میرا چار سال کا سفر بہت یادگار رہا ہے، میں اپنے آپ کو خوش نصیب بھی کہہ سکتا ہوں کہ عاقب جاوید ہمارے ہیڈ کوچ ہیں، ان سے میں نے کافی سیکھا ہے اور اس کے علاوہ حفیظ بھائی اور فخر سے بھی سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بابر اعظم عالمی نمبر ایک بلے باز اور اچھے کپتان ہیں لیکن میری کوشش ہے کہ انہیں اس مرتبہ بھی آؤٹ کروں۔

مزید پڑھیں: فخر زمان بقیہ میچوں کیلئے لاہور قلندرز کے کپتان مقرر

شاہین شاہ آفریدی 2018 کے سیزن میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کا حصہ بنے تھے اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا اور فرنچائز کا اہم ترین ستون تصور کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے رواں سال کھیلے گئے لیگ کے چھٹے سیزن سے قبل شاہین کو نائب کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ وہ لاہور قلندرز کے آٹھویں کپتان ہیں۔

شاہین آفریدی کو سہیل اختر کی جگہ قیادت سونپی گئی ہے جہاں اس سے قبل گزشتہ دونوں سیزن میں سہیل اختر نے قلندرز کی قیادت کی تھی۔

لاہور قلندرز نے لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لیے اظہر علی کو کپتان مقرر کیا تھا اور اسی ایونٹ کے دوران ڈیوین براوو کو قیادت سونپہ دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حفیظ نظرانداز، لاہور قلندرز نے سہیل اختر کو کپتان مقرر کردیا

2017 اور 2018 کے سیزن میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم نے قلندرز کی قیادت کا منصب سنبھالا تھا جبکہ اس کے بعد 2019 کے سیزن میں کپتان محمد حفیظ کی انجری کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز اور فخر زمان نے بھی ٹیم کی قیادت کی۔

2020 اور 2021 کے سیزن میں سہیل اختر نے فرنچائز کی کامیابی سے قیادت کی لیکن اس سال قلندرز نے شاہین کو کپتان مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024