• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

تیسرے ایشز ٹیسٹ میں بھی انگلش بیٹنگ ناکام، 196 رنز پر ڈھیر

شائع December 26, 2021
اسکاٹ بولینڈ نے مارک وُڈ کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
اسکاٹ بولینڈ نے مارک وُڈ کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور پہلی اننگز میں پوری انگلش ٹیم 196رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میلبرن میں کھیلی جا رہی تاریخی ایشز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: اومیکرون کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی، نک ہوکلے

کورونا وائرس کے خدشے کے سبب پچھلا ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے والے آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے عمدہ باؤلنگ سے پہلے ہی سیشن میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔

میچ کے دوسرے اوور میں پیٹ کمنز نے حسیب حمید کا کام تمام کردیا جو کھاتا کھولنے سے قبل ہی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جبکہ 13 کے مجموعے پر کمنز نے دوسرے اوپنر زیک کرالی کو بھی چلتا کردیا۔

اس موقع پر سیریز کی سب سے کامیاب جوڑی ڈیوڈ ملان اور جو روٹ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 48رنز کی شراکت قائم کی۔

لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کمنز نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ڈیوڈ ملان کی وکٹ بھی حاصل کر لی جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 14رنز کی اننگز کھیلی۔

جو روٹ نے ایک مرتبہ پھر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن اسٹوکس کی ایک باہر جاتی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ وکٹ کیپر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوہلی سے زیادہ دورہ پاکستان کے لیے کوئی اور بے چین نہیں ہوگا‘

بین اسٹوکس نے کچھ جارحانہ اسٹروکس کھیلے لیکن وہ بھی 25 رنز بنا کر گرین کی وکٹ بن گئے جبکہ لائن کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں بٹلر کا بھی تمام ہو گیا۔

مارک وُڈ بھی وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے اور اسکاٹ بولینڈ نے انہیں آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔

بیئراسٹو نے 35 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اسٹارک کے باؤنسر پر گیند ان کے گلوز سے لگ کر گرین کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی۔

نیتھن لائن نے جیک لیچ اور اولی رابنسن کو آؤٹ کر کے انگلش ٹیم کی بساط 196رنز پر لپیٹ دی۔

مزید پڑھیں: جب تک آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست نہیں دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، رمیز راجا

آسٹریلیا کی جانب سے کمنز اور لائن نے تین، تین جبکہ اسٹارک نے دو وکٹیں لیں۔

آسٹریلین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 57رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن دن کے اختتام سے چند لمحے قبل اینڈرسن نے ڈیوڈ وارنر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 61رنز بنائے تھے اور انہیں انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 135رنز درکار ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024