• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع January 19, 2022
ثانیہ مرزا کو آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا---فوٹو: اے ایف پی
ثانیہ مرزا کو آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا---فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ٹینس اسٹار اور سابق ڈبلز عالمی نمبر ایک ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ انجریز کے باعث وہ رواں سیزن کے آخر میں ٹینس سے ریٹائر ہوجائیں گی۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ مرزا نے کہا کہ 'میں فیصلہ کرچکی ہوں کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا، میں اس پر ہر ہفتے دیکھ رہی ہوں، مجھے یقین نہیں کہ یہ سیزن آخری ہوسکتا ہے لیکن میری خواہش ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا و شعیب ملک ٹاک شو کرنے کو تیار

ثانیہ مرزا کے والد نے بھی ان کی ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کی تصدیق کردی۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ 'میں تاحال محسوس کررہی ہوں کہ میں کھیل سکتی ہوں لیکن اس سیزن کے بعد میں نہیں سمجھتی کہ میں ایسا کرپاؤں'۔

اس سے قبل 35 سالہ ثانیہ مرزا کو بھارت کی عظیم خاتون ٹینس کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جبکہ آسٹریلین اوپن کے ڈبلز کے پہلے مرحلے میں یوکرین کی نادیا کیچونوک کے ہمراہ شکست کھا گئیں۔

ٹینس کے ڈبلز مقابلوں میں 6 گرینڈ سلیم جیتنے والی ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن میں امریکا کے راجیو رام کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں حصہ لے رہی ہیں اور جمعرات کو پہلے مرحلے کا مقابلہ ہوگا۔

ثانیہ مرزا نے آخری مرتبہ گزشتہ برس ستمبر میں اوسٹراوا اوپن میں چین کی ژینگ شوائی کے ساتھ ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کرلیا تھا۔

بھارتی ٹینس اسٹار نے کہا کہ انجریز اور اہل خانہ کی وجہ سے کیریئر مختصر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے احساس ہے کہ ریکوری میں بڑا وقت لگ رہا ہے، اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ بہت زیادہ سفر کر کے میں ان کو خطرے میں ڈال رہی ہوں، اس حوالے سے مجھے سوچنا ہے'۔

مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنے گی

ان کا کہنا تھا کہ 'آج گھٹنے میں واقعی تکلیف ہورہی تھی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس کی وجہ سے ہارے بلکہ میں سمجھتی ہوں کہ ریکور ہونے میں وقت لگ رہا ہے اور میری عمر بڑھ رہی ہے'۔

یاد رہے کہ ثانیہ مرزا 2005 میں اپنے آبائی شہر حیدرآباد میں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی تھیں اور اسی دوران یوایس اوپن کے چوتھے مرحلے تک رسائی کی تھی۔

ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئی تھیں۔

ثانیہ مرزا کو کلائی کی انجریز کے باعث ڈبلز پر توجہ دینا پڑی اور سوئٹزرلینڈ کی عظیم کھلاڑی مارٹینا ہنگیز کے ساتھ جوڑی میں تین گرینڈ سلیم حاصل کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024