• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک میں کورونا کے تقریباً 8 ہزار نئے کیسز رپورٹ، 27 اموات

شائع January 29, 2022
کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں فعال کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ 4 ہزار 95 تک پہنچ گئی ہے — فائل فوٹو / رائٹرز
کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں فعال کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ 4 ہزار 95 تک پہنچ گئی ہے — فائل فوٹو / رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے وار جاری ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مسلسل تیسری بار 7 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 70 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7 ہزار 963 کے نتائج مثبت آئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا کے 8 ہزار 183 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد چوبیس گھنٹے میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی یہ دوسری بڑی تعداد ہے۔

ملک میں وائرس کی مثبت شرح 11.31 فیصد رہی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 10 ہزار 33 ہوگئی۔

ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 27 افراد وبا کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 29 ہزار 219 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، این سی او سی کا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ

کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں فعال کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ 4 ہزار 95 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے ایک ہزار 375 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

  • پنجاب: 2 ہزار 283 کیسز، 7 اموات
  • سندھ: 2 ہزار 231 کیسز، 15 اموات
  • خیبر پختونخوا: ایک ہزار 278 کیسز، 5 اموات
  • بلوچستان: 90 کیسز
  • اسلام آباد: ایک ہزار 555 کیسز
  • گلگت بلتستان: 24 کیسز
  • آزاد کشمیر: 502 کیسز

ملک میں مزید 2 ہزار 62 مریض صحتیاب بھی ہوئے، یوں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 76 ہزار 719 تک پہنچ گئیں۔

واضح رہے کہ ملک میں عالمی وبا کے ’اومیکرون‘ ویرینٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متعلق نافذ پابندیوں میں 15 فروری تک توسیع کا اعلان کیا ہے۔

این سی او سی نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ موجودہ نان فارماسیوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) 31 جنوری تک نافذ کی گئی تھیں، لیکن اب ان میں 15 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔

اعلان کے مطابق 10 فروری کو حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ملک میں ریکارڈ 8 ہزار 183 کورونا کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 14 لاکھ سے متجاوز

ایک اور ٹوئٹ میں این سی او سی نے زور دیا کہ وہ مہلک وائرس کے خلاف ویکسین کی بوسٹر خوراک ضرور لگوائیں، اومیکرون ویرینٹ ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔

انہوں نے درخواست کی کہ مکمل ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں اور بوسٹر شارٹس ضرور لگوائیں اور ماسک پہننے اور سماجی دوری سمیت ایس او پیز پر عمل کریں۔

وبا کی پانچویں لہر

خیال رہے کہ ملک میں وبا کا پھیلاؤ تقریباً کنٹرول ہوگیا تھا تاہم وائرس کی نئی قسم اومیکرون سامنے آنے کے بعد دسمبر کے اواخر سے کیسز میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے جسے وبا کی پانچویں لہر قرار دیا گیا ہے۔

اگر وبا کی مختلف لہروں کے دوران سب سے زیادہ کیسز دیکھے جائیں تو اس سے قبل سب سے زیادہ کیسز 13 جون 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 6 ہزار 825 تھی۔

وبا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ کیسز 6 دسمبر 2020 کو سامنے آئے جو 3 ہزار 795 تھے۔

اسی طرح تیسری لہر کے دوران 17 اپریل 2021 کو کیسز کی بلند ترین تعداد 6 ہزار 127 ریکارڈ کی گئی۔

چوتھی لہر میں سب سے زیادہ کیسز 4 اگست 2021 کو رپورٹ ہوئے تھے جو 5 ہزار 661 تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024