• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کم عمری کی شادی کے حق میں بیان دیا تو خواتین پیچھے پڑ گئیں، زرنش خان

شائع February 1, 2022
ہر کسی کی مرضی ہے وہ جب شادی کرے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ہر کسی کی مرضی ہے وہ جب شادی کرے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ زرنش خان نے ایک بار پھر کم عمری میں شادی کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دن قبل دیے گئے ان کے بیان کے بعد خواتین ان کے پیچھے پڑ گئیں۔

زرنش خان نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی شادی 17 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور وہ کم عمری میں شادی کرنے حق میں ہیں۔

اداکارہ نے ’دی کرنٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ کم عمری میں شادی کرنے والے افراد جلد اچھی زندگی گزارنے لگتے ہیں، کیوں کہ وہ ایسی عمر میں ہوتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے حالات میں ڈھل جاتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ کم عمری کی شادی اچھی اور کامیاب ہوتی ہے۔

اسی انٹرویو میں اداکارہ نے کامیاب شادی کا راز بھی بتایا تھا اور کہا تھا کہ سچائی، ایمانداری اور صبر سے شادیاں کامیاب ہوتی ہیں۔

اداکارہ نے مذکورہ بیان کے بعد انسٹاگرام پر مختصر وضاحتی ویڈیو جاری کی اور ایک بار پھر انہوں نے کم عمری کی شادی کی حمایت کی اور ساتھ ہی دوبارہ بھی واضح کیا کہ لازمی نہیں ہے کہ دوسرے لوگ بھی ان کی سوچ سے سہمت ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: میرا کی انگریزی کا مذاق اڑانے والوں کو زرنش خان کا کرارا جواب

زرنش خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو میں وضاحت کی کہ دنیا میں بہت ساری سوچیں، بہت سارے مسئلے اور ان کے حل موجود ہیں، لازمی نہیں کہ ہر مسئلے کو ایک ہی طریقے سے حل کیا جائے اور ہر کوئی ایک جیسی ہی سوچ رکھے۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ کم عمری میں شادی سے لوگ جلد سیٹل ہوجاتے ہیں اور انہوں نے یہ بات صرف خواتین کے لیے نہیں کہی تھی۔

زرنش خان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انسان کی عمر بڑھتی ہے وہ تبدیلی لانے سے گھبراتا ہے، اس لیے انہوں نے کہا تھا کہ جلد شادی کرنے سے زندگی اچھی گزرتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی کا دوسرا نام ’سمجھوتہ‘ ہے اور یہ ایک طرفہ نہیں ہوتا بلکہ عورت اور مرد دونوں کا کرنا پڑتا ہے۔

ان کے مطابق ’سمجھوتہ‘ کرنے کے لیے جذبہ اور دوسری چیزوں کو قبول کرنے کی ہمت کی ضرورت ہوتی ہے جو بڑھتی عمر میں کم ہوجاتی ہے، اس لیے ان کے مطابق چھوٹی عمر میں شادی کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

زرنش خان نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ شادی سے متعلق ہر کسی کی اپنی سوچ ہے، اس لیے جب جس کو ٹھیک لگے وہ اس وقت ہی کرے۔

زرنش خان ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھتی ہیں، وہ کم ہی شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتی ہیں۔

اداکارہ کا تعلق پٹھان خاندان سے ہے اور وہ متعدد بار پروگرامات اور انٹرویوز میں اعتراف کر چکی ہیں کہ ان کی شادی خاندان کی مرضی سے 17 برس کی عمر میں ہوئی تھی، کیوں کہ ان کے ہاں لڑکیوں کی جلد شادی کی روایت ہے۔

اداکارہ یہ بھی واضح کر چکی ہیں کہ ان کی شادی صرف روایات اور خاندان کی مرضی سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی پسند سے بھی ہوئی اور وہ ہمیشہ کم عمری کی شادی کی حمایت کرتی رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024