سولر انرجی پر چلنے والی وہ گاڑی جو سنگل چارج پر 248 میل کا فاصلہ طے کرے
الیکٹرک گاڑیوں پر آج کل بہت کام ہورہا ہے مگر اب ایسی سواریوں کی تیاری بھی کی جارہی ہے جو شمسی توانائی یا سولر انرجی پر چل سکیں گی۔
ایک ڈچ کمپنی نے سولر پاور سے چلنے والی گاڑی کو 2022 کے وسط تک پیش کرنے کا ہدف بھی طے کررکھا ہے۔
لائٹ ایئر 1 نامی یہ الیکٹرک گاڑی ڈچ کمپنی لائٹ ایئر تیار کررہی ہے۔
اس گاڑی کے حالیہ ٹیسٹوں میں یہ 81 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سنگل چارج پر 248 میل کا سفر کرنے میں کامیاب رہی۔
اس گاڑی میں 60 کلوواٹ بیٹری کو سنگل چارج کرنے پر اتنا سفر گاڑی نے طے کیا۔
سابقہ ٹیسٹس کے برعکس یہ نئے ٹیسٹ زیادہ رفتار اور سرد ماحول میں کیے گئے تاکہ ٹیکنالوجی کی افادیت کو جانچا جاسکے۔
کمپنی کے مطابق دونوں عوامل سے گاڑی کی افادیت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں تو ہم دیکھنا چاہتے تھے کہ حقیقی دنیا کے مختلف حالات میں گاڑی کی کارکردگی کیسی ہوتی ہے۔
اس مقصد کے اٹلی کے ایک قصبے اپریلا میں ٹریک پر اسے ٹیسٹ کیا گیا اور اس ٹریک پر لائٹ ایئر ون کے توانائی کے استعمال کی شرح 141 Wh/km ریکارڈ کی گئی۔
کمپنی نے بتایا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ سنگل چارج پر یہ گاڑی 400 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرسکتی ہے، مثال کے طور پر یہ ایمسٹرڈیم سے لگسمبرگ تک سنگل چارج تک جاسکتی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں موجود اسی طرح کی بیٹری کے حجم والی دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں یہ فاصلہ ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔
سابقہ ٹیسٹوں میں اس گاڑی نے سنگل چارج پر 440 میل کا فاصلہ طے کیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے یورپی ممالک میں اس گاڑی کی بکنگ اوپن کی جاچکی ہے اور ایک لاکھ 71 ہزار ڈالر بکنگ پرائس رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کو گاڑی کی دستیابی 2022 کے موسم گرما تک ممکن ہوسکے گی۔