• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اسمیڈ کی 99رنز کی اننگز رائیگاں، گلیڈی ایٹرز کو زلمی کے ہاتھوں شکست

شائع February 15, 2022 اپ ڈیٹ February 16, 2022
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے وِِل اسمیڈ نے 99 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے وِِل اسمیڈ نے 99 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل
شعیب ملک نے شنادر نصف سنچری اسکور کی— فوٹو : پی ایس ایل
شعیب ملک نے شنادر نصف سنچری اسکور کی— فوٹو : پی ایس ایل
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں وِل اسمیڈ کے 99رنز کی شاندار اننگز کے باوجود پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو نسیم شاہ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں حضرت اللہ زازئی اور لیام لیونگسٹن کو چلتا کردیا۔

6 رنز پر دو غیر ملکی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد نوجوان محمد حارث اور شعیب ملک نے 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 29رنز بنانے کے بعد حارث پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وکٹ پر حسین طلعت آئے جنہوں نے تجربہ کار شعیب ملک کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 73 رنز کی رفاقت قائم کر کے اسکور کو 131 تک پہنچا دیا۔

شعیب ملک 8 چوکوں سے مزین 58 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

نئے بلے باز شرفین ردرفورڈ کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ چھ گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے افتخار کو وکٹ دے بیٹھے۔

اختتامی اوورز میں بین کٹنگ نے جارحانہ انداز اپنایا اور سہیل تنویر کے ایک اوور میں چار چھکے جڑنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 14 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے بھی 51رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو 24 کے اسکور پر ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب جیسن روئے 13رنز بنانے کے بعد لیونگسٹن کی وکٹ بن گئے۔

جیمز ونس ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوبارہ ہوئے اور کھاتا کھولے بغیر ہی عثمان قادر کی وکٹ بن گئے۔

سرفراز احمد اور اسمیڈ نے 53 رنز جوڑ کر اسکور کو 82 رنز تک پہنچا دیا لیکن چھکا مارنے کی کوشش میں وہ بھی باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

افتخار احمد پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور عمر اکمل ایک رن بنا کر اسٹمپ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ سے اسمیڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 60 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے تاہم بدقسمتی سے وہ سنچری مکمل نہ کر سکے۔

گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 161رنز بنائے اور زلمی نے میچ میں 24رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

حسین طلعت کو نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ کفایتی باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، وِل اسمیڈ، جیسن روئے، جیمز وِنس، افتخار احمد، عمر اکمل، سہیل تنویر، خرم شہزاد، نور احمد، نسیم شاہ، غلام مدثر

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، محمد حارث، حضرت اللہ زازئی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، محمد عمر، حسین طلعت، سلمان ارشاد، عثمان قادر۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024