• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

محسن بیگ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

شائع February 17, 2022
ایف آئی اے) نے میڈیا پرسن اور تجزیہ کار محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا تھا — فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
ایف آئی اے) نے میڈیا پرسن اور تجزیہ کار محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا تھا — فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

سینئر صحافی اور تجزیہ کار محسن بیگ کے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمے کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔

سینئر تجزیہ کار محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے اور ان کی اہلیہ نے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کردی کردی ہے۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے نے دہشت گردی، دیگر سنگین جرائم کے الزام میں محسن بیگ کو گرفتار کرلیا

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے تھانہ مارگلہ میں جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا لہٰذا عدالت پولیس کو مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل مقدمے کی سماعت کریں گے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے میڈیا پرسن اور تجزیہ کار محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا البتہ سیشن کورٹ نے چھاپہ غیرقانونی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتار سینئر صحافی محسن بیگ کا طبی معائنہ

ادھر صحافی محسن بیگ کی اہلیہ نے ایف آئی اے کی ایف آئی آر منسوخ کرنے کے لیے ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ ایف آئی اے نے محسن بیگ کو درخواست کی نقل فراہم اور انکوائری کرنے کے بجائے غیر قانونی گرفتار کیا۔

اس سلسلے میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے محسن بیگ کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا سادہ لباس میں چھاپہ بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن بیگ کا مراد سعید سے متعلق بیان ٹیلی ویژن پر نشر ہوا جس پر پیکا ایکٹ کا نفاذ نہیں ہو سکتا اور عدالتی احکامات کے باوجود ایف آئی اے بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کو منسوخ کرے اور محسن بیگ اور ان کی فیملی کو ہراساں کرنے سے روکے۔

مزید پڑھیں: مراد سعید کے خلاف نازیبا کلمات نشر کرنے پر 'نیوز ون' کو شوکاز نوٹس

انہوں نے مزید کہا کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک ایف آئی اے کی ایف آئی آر کو معطل کیا جائے۔

مقدمے کی سماعت

انسداد دہشت گردی عدالت نے صحافی محسن بیگ کیس میں گرفتار گھر کے دو ملازمین کو کل تک کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا ہے۔

ایس ایچ او مارگلہ نے عدالت کو بتایا کہ محسن بیگ کے بیٹے کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا اور عدالت نے محسن بیگ سے ان کی اہلیہ اور وکیل کو ملاقات کی اجازت بھی دے دی ہے۔

مارگلہ پولیس نے سینئر صحافی محسن بیگ کے گھر سے گرفتار دو ملزمان اشفاق اور ذوالفقار کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد علی ورائچ کے روبرو پیش کیا۔

دوران سماعت ایس ایچ او مارگلہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محسن بیگ کے بیٹے کو ہم نے گرفتار نہیں کیا ہے، جائے وقوع سے متعلق تفتیش اور اسلحہ برآمد کرنا ہے لہٰذا استدعا ہے کہ ملزمان کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'نیوز ون' کی بندش کیلئے کیبل آپریٹرز کو احکامات نہیں دیے، پیمرا

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان موقع پر موجود تھے اور ان پر فائرنگ کا الزام ہے۔

ملزمان کے وکیل شہبازکھوسہ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیے کہ ان کا پہلی ایف آئی آر سے تعلق نہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ پہلی ایف آئی آر کونسی ہے۔

اس پر ملزمان کے وکیل نے بتایاکہ پہلی ایف آئی آر وزیر نے محسن بیگ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج کی ہے، یہ دونوں گھر کے ملازم ہیں تو پولیس نے ان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ملزمان کے وکیل نے ملزم محسن بیگ سے ملاقات کی اجازت کے لیے تحریری درخواست بھی دائر کی جس پر عدالت نے استفسار کیاکہ ملزم سے کون ملنا چاہتا ہے، کونسل اور اہلیہ مل سکتے ہیں باقی کوئی نہیں مل سکتا۔

وکیل نے کہاکہ محسن بیگ کا بیٹا بھی گرفتار ہے اس کو بھی پولیس نے لانا تھا نہیں لائے تاہم ایس ایچ او مارگلہ نے عدالت کو بتایاکہ محسن بیگ کے بیٹے کو ہم نے گرفتار نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: پیمرا کے نوٹس سے قبل ہی 'نیوز ون' چینل آف ایئر

عدالت نے محسن بیگ سے ان کی اہلیہ اور وکیل شہباز کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے گرفتار دونوں گھریلو ملازمین کو کل تک کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں نجی چینل 'نیوز ون' پر نشر کیے جانے والے پروگرام میں وزیر اعظم کی جانب سے 10 وزراتوں کو بہترین کارکردگی کا ایوارڈ دینے کا معاملہ زیر بحث آیا تھا، جس پر محسن بیگ سمیت دیگر مہمانوں نے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔

پیمرا کے نوٹس کے مطابق اینکر غریدہ فاروقی نے اپنے پروگرام میں شریک مہمان سے سوال کیا کہ مراد سعید کی وزارت کے پہلے نمبر پر آنے کی حقیقی وجہ کیا ہے، جس کے جواب میں محسن بیگ نے کہا کہ وہ نہیں جانتے لیکن وجہ 'ریحام خان کی کتاب میں لکھی گئی ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024