گلوکار علی نور نے ہراسانی کے الزامات لگانے والی صحافی سے معذرت کرلی
گلوکار علی نور نے خود پر ’جنسی ہراسانی‘ اور برے رویے کے الزامات لگانے والی صحافی عائشہ بنت راشد سے معذرت کرلی۔
عائشہ بنت راشد نے 18 فروری کو انسٹاگرام پر علی نور کے ساتھ کی گئی واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے گلوکار پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات لگائے تھے۔
صحافی کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان پرانی شناسائی تھی مگر گلوکار کا رویہ عائشہ بنت راشد کے ساتھ نامناسب تھا۔
صحافی کے ایک اسکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ گلوکار نے ان کے ساتھ ایک مرتبہ دوران سفر کار میں بھی نامناسب رویہ اختیار کیا، جسے عائشہ بنت راشد نے ’جنسی ہراسانی‘ کا نام دیا تھا۔
صحافی نے علی نور کو ’وحشی‘ بھی قرار دیا تھا جب کہ ان کے نامناسب رویوں کی شکایت بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکار علی نور پر خاتون صحافی کے ’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات
عائشہ بنت راشد کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد علی نور نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز میں مبہم اور ذو معنی جملوں میں اپنا موقف دیا تھا۔
علی نور نے کہا تھا کہ عائشہ نے ان کے ساتھ ہونے والی چیٹنگ کے تمام اسکرین شاٹ شیئر نہیں کیے اور انہوں نے اپنے مقصد اور مطلب کے پیغامات کو شیئر کرکے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔
علی نور نے اپنی اسٹوریز میں بتایا تھا کہ انہوں نے وہ ایک طرح سے عائشہ بنت راشد کے مجرم ہیں اور انہوں نے ان سے ذاتی طور پر بھی معافی مانگی تھی اور اب بھی وہ سب کے سامنے معافی مانگ رہے ہیں۔
علی نور نے واضح طور پر اس کا اعتراف نہیں کیا تھا کہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات درست ہیں، تاہم انہوں نے معاملے کو ختم کرنے کے لیے صحافی سے مانگی تھی۔
ساتھ ہی کہا تھا کہ وہ مذکورہ معاملے پر 25 فروری کو تمام لوگوں کے سوالوں کے جوابات دیں گے مگر تب تک ہر کوئی خاموشی اختیار کرے اور انہیں 22 فروری کو اپنا گانا سکون کے ساتھ ریلیز کرنے دیے جائے۔
تاہم اب ایک بار پھر علی نور نے صحافی سے معافی مانگتے ہوئے امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی معافی سے عائشہ کو سکون ملے گا۔
علی نور نے 19 فروری کو انسٹاگرام اسٹوری میں عائشہ بنت راشد کو مینشن کرتے ہوئے ان سے معافی مانگی اور امید کا اظہار کیا کہ ان کی معذرت صحافی کو کچھ سکون ضرور بخشے گی۔
علی نور نے اپنے معافی نامے میں لکھا کہ وہ بہت غور و فکر کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سب سے اچھا کام معذرت کرنا ہے اور وہ واقعی بھی عائشہ بنت راشد سے معافی کے طلب گار ہیں۔
گلوکار نے لکھا کہ وہ یقینا صحافی کے درد کو سمجھ نہیں سکتے، تاہم وہ ان سے اپنے رویے پر معذرت خواہ ہیں۔
علی نور نے واضح کیا کہ وہ بدنیت اور خراب شخص نہیں ہیں اور وہ دل سے عائشہ سے معافی مانگ رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی معافی صحافی کو راحت بخشے گی۔