• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

وزیرخارجہ کا روسی ہم منصب سے رابطہ، یوکرین سےتنازع کے سفارتی حل پر زور

شائع March 5, 2022
وزیرخارجہ نے سرگئی لاروف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
وزیرخارجہ نے سرگئی لاروف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

وزیرخارجہ شاہ نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے رابطہ کرکے یوکرین کے ساتھ کشیدگی میں اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کے مطابق کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے دورہ روس سے قبل پاکستان کا یوکرین سے اظہار یکجہتی

بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورےکا حوالہ دیتے ہوئے دو طرفہ ایجنڈے اور افغانستان سمیت خطے کے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق سرگئی لاوروف نےگزشتہ روز پشاور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روس کی طرف سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ کا افغانستان میں امن اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورت حال پر پاکستان کی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کثیر الجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون کے مطابق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازع کے سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

یوکرین کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے تنازع کے پر امن حل کے لیےیوکرین، پولینڈ، رومانیہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور کے ساتھ ہونے ہونے والے حالیہ ٹیلیفونک رابطوں سے بھی روسی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توقع ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو صورت حال پر روس کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں روسی حکومت سے مدد اور سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔

دفترخارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید پڑھیں: روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب سے گفتگو

بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے ابھرتی ہوئی صورت حال پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں روس کا دو روزہ دورہ کیا تھا اور اسی دوران روسی صدرنے یوکرین پر حملے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی فورسز کو کارروائی کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان نے اس تنازع میں غیرجانب دار رہنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024