• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، اللہ بھی اسے عزت دے گا، قوم بھی، شیخ رشید

شائع March 13, 2022
شیخ رشید کا اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب —تصویر: ڈان نیوز
شیخ رشید کا اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب —تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، اللہ بھی اسے عزت دے گا اور قوم بھی اسے عزت دے گی، ہم چٹان کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 تاریخ کے بعد عمران خان کی پوزیشن مزید واضح ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر15 مارچ کے بعد فیصلہ کریں گے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کس روز بلایا جائے، 21 اور 22 مارچ کو او آئی سی کی کانفرنس ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن کے 15 افراد اندر سے عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن وہی کررہی ہے جو اس کا کام ہے جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے تو ایسے ہی بڑھکیں مارتے تھے،عمران خان کہیں نہیں جارہا 5 سال پورے کرےگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں، انسان کو امتحان کے وقت دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری 5 سیٹوں والے لوگ بلیک میل کرنے والی بات سے لوگ خفا ہوگئے، یہ بات تو میں اپنی کتابوں میں کہہ چکا ہوں کہ چوہدری ظہور الٰہی اور خواجہ صفدر کے مجھ پر احسانات تھے،چوہدری شجاعت کی والدہ مجھے گھر سے کھانا بھیجا کرتی تھیں اس میں کیا بڑی بات ہے، یہ تو میں خود اعتراف کرچکا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، اللہ بھی اسے عزت دے گا اور قوم بھی اسے عزت دے گی، ہم چٹان کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں:اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں نے ق لیگ کا نام لیا نہ چوہدریوں کا، ایک عمومی بات کی تھی، شجاعت میرا بھائی ہے، جب تک زندہ ہوں کبھی ان کے خلاف بات نہیں کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انصار الاسلام کے رضاکار گرفتار ہوئے لیکن ابھی کوئی کارکن گرفتار نہیں ہے، کسی ملیشیا فورس کو اسلام آباد میں آنے کی اجازت نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ 23 سے 30 تک 7 دن بہت اہم ہیں، آپ اچھی اور کامیابی کی خبریں سنیں گے، کسی کو گرفتار نہیں کیا لیکن ضرورت پڑنے پر کریں گے، جو قانون کو ہاتھ میں لےگا قانون اس کو ہاتھ میں لے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک انارکی کی طرف جارہا ہے، ملک کو جموریت کی جانب جانا چاہیے، عدم اعتماد کا فیصلہ ہونا چاہیے، وزرات داخلہ فیصلہ کرے گی کہ اگر ایک ہی وقت میں دو جلسے ایک ہی مقام پر ہوا تو کون کس جگہ پر جلسہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن اپنی سیاسی موت مرنے جارہی ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرنا اسپیکر اسد قیصر کا اختیار ہے جو کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتا، اسپیکر جو فیصلہ کرے گا وہ آئینی و قانونی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیتے گا لیکن انارکی ہے جیتنے کے بعد بھی لوگ باتیں کریں گے جیتنےسے پہلے بھی کررہے ہیں، آپس میں اتنا تناؤ نہیں ہونا چاہیے، ہمیں تلخیوں کی جانب نہی بڑھنا چاہیے کیوں کہ ملک عزیز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 7 روز کے لیے رینجرز اور ایف سی دونوں کو بلالیا ہے اور 245 کے تحت فوج کو بھی بلایا جاسکتا ہے لیکن امید ہے کہ اس کی نوبت نہیں آئے گی اور مسئلہ خوش اسلوبی سے طے ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024