• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

27 مارچ کے جلسے کا جمِ غفیر ایوانوں کو ہلا دے گا، فواد چوہدری

شائع March 26, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم  پُرامن احتجاج کے ساتھ اپنے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم پُرامن احتجاج کے ساتھ اپنے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر سے شہری اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، کل جلسے میں اتنے لوگ ہوں گے کہ جمِ غفیر ایوانوں کو ہلا دے گا اور عوام پاکستان کی آزادی کے لیے کھڑے ہونے والے وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

اسلام آباد میں گورنر سندھ اور وزیر بحری امور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، اس وقت گلگت بلتستان سے 20 کلومیٹر پر مشتمل طویل ریلی اسلام آباد پہنچ رہی ہے، پورا خیبر پختونخوا، پورا پنجاب اور پورا کراچی پاکستان اور تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل 10 لاکھ سے زائد افراد کا جمِ غفیر اسلام آباد کے ایوانوں کو ہلا دےگا اور یہ جو چوہوں نے چوری کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی ہے عوام کل کے جلسے میں اسے مسترد کردیں گے اور پاکستان کی آزادی کے لیے کھڑے ہونے والے وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سیاسی طور پر مستحکم، سیاسی مخالفین کو مزید مایوسی ہوگی، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اگر آج پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے تو وہ عمران خان کی وجہ سے آزاد ہے، معیشت کا پہیہ چلنے شروع ہوا ہے تو اس کے خلاف سازش کی جارہی ہے، کل پاکستان کے عوام اس سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم نے کل کے جلسے کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہری اپنے آپ کو ڈسپلن میں رکھتے ہوئے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کریں، کسی جگہ سے کوئی سڑک یا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے اور ایک پُرامن احتجاج کے ساتھ ہم اپنے وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

اپوزیشن کے قافلے اسلام آباد پہنچنے سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں، تمام جماعتوں کا جلسہ کرنے کا حق ہے، میں چیلنج کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سمیت تمام چوروں کو ویلکم کرتا ہوں کہ اکٹھا جلسہ کریں تاکہ عوام مقابلہ کر سکیں کہ کس کا جلسہ کیسا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا عدلیہ کو اپنی ساکھ بہتر بنانے کا مشورہ

منحرف اراکین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 2 اراکین نے جواب دے دیا ہے، باقی کی بھی امید ہیں کہ جلد جواب دے دیں گے۔

اتحادی جماعتوں کے بارے میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل ایم کیو ایم سے ملاقات ہوگئی ہے، مسلم لیگ (ق) سے ملاقات جاری ہے، کل ایک بار پھر ایم کیو ایم سے ملاقات کی جائے گی۔

ناظم جوکھیو کے قاتل واپس آنے کیلئے پر تول رہے ہیں، گورنر سندھ

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں وزیر اعظم نے اپنے دل کی باتیں کیں اور اجلاس کے شرکا نے ان کی بات کی تائید کی۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف لندن یا پھر جیل جائیں گے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنا ٹرمپ کارڈ جلد سامنے لائیں گے اور ان لوگوں کی نیندیں اڑ جائیں گی جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

کل منعقد ہونے والے جلسے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہی ہے اور اس جلسے کا مقابلہ پی ٹی آئی کے جلسے سے ہی ہوگا، کراچی میں منعقد کیا گیا جلسہ ریکارڈ بریکنگ جلسہ تھا اور کل اس کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث ہیں اور بھاگے ہوئے ہیں، میں نے سنا ہے کہ وہ واپس آنے کے لیے پَر تول رہے ہی،ں انہیں خوش آمدید کرنے کے لیے میں نے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے کہ گھناؤنے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ جب عدالتیں بلاتی ہیں تو یہ ملک سے باہر ہوتے ہیں اور جب ضمیر فروشی کا معاملہ آتا ہے تو یہ ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، ان تمام لوگوں سے آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا کسی سے رعایت نہیں کریں گے، قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ہر راستہ اختیار کریں گے۔

آئی جی سندھ صوبے کے آئی جی ہیں یا بلاول ہاؤس کے غلام ہیں، علی زیدی

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے ناظم جوکھیو قتل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق رکن قومی اسمبلی جام کریم پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

انہوں کہا کہ میں براہِ راست آئی جی سندھ سے مخاطب ہوکر کہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی آئی جی نہیں ہے جو اتنی جلدی سوجاتا ہو، میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ سندھ کے آئی جی ہیں یا بلاول ہاؤس کے غلام ہیں۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں 50 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوگئیں اس پر آپ نے کچھ نہیں کیا اور ہمارے کارکنان نے پُرامن احتجاج کیا تو آپ کی پولیس نے اغوا اور گھر میں داخل ہونے کی ایف آئی آر کاٹ دی۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے جزائر خود وفاق کے حوالے کیے تھے، علی زیدی

آئی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ کبھی آپ ریٹائر بھی ہوں گے یا ساری زندگی سندھ کے آئی جی رہیں گے، آپ عوام کو اپنے خاندان اور دیگر کو کیا جواب دیں گے کہ میں بلاول ہاؤس کے کتے بھی بچاتا تھا لیکن میں سندھ کے عوام کو نہیں بچا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث رکن قومی اسمبلی واپس آگیا لیکن آپ کو علم ہی نہیں ہے، میں آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارے کارکنان کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آرز واپس لی جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کسی کو احتجاج کرنے سے روک نہیں رہے ہیں لیکن ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم کوئی ایسا فیصلہ کریں کہ ہمیں سندھ میں کسی کے گھر کے سامنے بیٹھنا پڑے۔

جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے بڑے بڑے قافلے پنجاب میں داخل ہو رہے ہیں، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024