• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

طارق بشیر چیمہ وزارت سے مستعفی، تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کےخلاف ووٹ دینے کا اعلان

شائع March 28, 2022
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ معاملات کو بہتر کرنے میں وزیراعظم عمران خان نے بہت وقت ضائع کیا
—تصویر: فیس بک
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ معاملات کو بہتر کرنے میں وزیراعظم عمران خان نے بہت وقت ضائع کیا —تصویر: فیس بک

مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈورکس طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالوں گا۔

نجی نیوز چینل 'جیو نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم (ق) کے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے فیصلے میں آزاد ہوں، ہر فرد کا اپنا فیصلہ ہے اور ہر شخص اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے گزشتہ روز چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں گزارش کرتے ہوئے بتادیا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد میں سپورٹ نہیں کروں گا اور ان کے خلاف ووٹ ڈالوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: مشاورت کیلئے مزید وقت درکار ہے، مسلم لیگ (ق)

پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ سے متعلق طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہیں، دونوں کا ایک ہی فیصلہ ہوگا، پرویز الہٰی میرے محسن ہیں، ہر لحاظ سے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاملات کو بہتر کیا جاسکتا تھا، جس نہج پر معاملات کو لے جایا گیا اس پوزیشن پر لے کر نہیں جانا چاہیے تھا، معاملات کو بہتر کرنے میں وزیر اعظم عمران خان نے بہت وقت ضائع کیا، بعض اوقات ہم جیسے لوگوں کے لیے استعفیٰ دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوتا، میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کی حمایت کروں۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے طور پر حمایت کرے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں اس بڑی سیاسی پیش رفت کا دعوٰی کرتے ہوئے کہا تھا کہ (ق) لیگ نے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی وفد سے وزارت اعلیٰ پنجاب پر کوئی بات نہیں ہوئی، مسلم لیگ(ق)

یہ پیشرفت پرویز الہٰی کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) کے وفد کی بنی گالا میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد سامنے آئی تھی۔

بعد ازایں پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘وزیر اعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا’۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات کے بعد طارق بشیر چیمہ نے اعلان کیا تھا کہ ’ہم کوشش کریں گے ایک یا دو روز میں اپنا فیصلہ سامنے لے آئیں‘۔

اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا رکھی ہے، اب سے کچھ دیر قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جہاں اپوزیشن کے 161 اراکین نے تحریک کی حمایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024