• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

نیب کو ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے، شاہد خاقان عباسی

شائع April 12, 2022
شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا— فوٹو: ڈان نیوز
شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا صرف ایک حل ہے کہ اسے بند کرکے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیب عدالتوں اور تفتیش میں کیمرے لگائیں تاکہ پاکستان کی عوام کو معلوم ہو کہ یہ کیا تماشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف جو کیسز ہیں وہ چلیں اور پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کا صرف ایک حل ہے اسے ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے جنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے اور ان کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

مزید پڑھیں: منصوبہ بندی کرکے آئین توڑا گیا، کوئی پوچھنے والا نہیں، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اور پچھلے سال میں نیب نے کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے، کیا برآمدگی ہوئی اور کون مجرم کہلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا اور ان سے ہدایات لیتا تھا اور ایک وزیر عمران خان کے کمرے میں بیٹھارہتا تھا جو ان کو احکامات جاری کرتا تھا کہ کسے گرفتار کرنا ہے، کس کی تذلیل کرنی ہے اور کس کے خلاف کیا مقدمات بنانے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہے جو عمران خان کی کرپشن پر خاموش رہا، عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس فائل نہیں ہوسکا جبکہ سیکڑوں ارب لوٹنے والے کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج نیب کا احتساب ہوگا، ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لینا چاہتےجو کچھ نیب میں ہوا ہے وہ حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ملک میں احتساب کا نظام موجود ہے، اگر آپ احتساب کرنا ہے تو کوئی مشکل نہیں ہے، اگر آپ نے سیاست کھیلنی ہے تو اس کے لیے نیب کا ادارہ موجود ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کی کرپشن چھپانے کیلئے چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع کی گئی، شاہد خاقان عباسی

حکومت کی مدت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان سڑکوں پر پھرتے رہیں، جو کچھ انہوں نے ملک کے ساتھ کیا ہے ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ان حالات کو بہتر کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو کرپشن اس ملک میں ہوئی ہے ہم اس کے حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم نے کوئی گرفتاریاں نہیں کرنی، کل سارے وزیر ان ہی عقوبت خانوں میں ہوں گے جہاں ہم نے وقت گزارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب ایک کمزور آدمی ہے وہ سب سے پہلے عمران خان کو پکڑے گا، ایک مثال میں ہمیشہ دیتا ہوں کہ اس حکومت کی سوچ یہ تھی کہ رانا ثنا اللہ اور اراکین پارلیمنٹ پر ہیروئن رکھنے کے الزامات لگائیں، اللہ کا کرم ہے کہ اس نے اس مجرم حکومت سے عوام کی جان چھڑائی۔

نیب میں کیمرے لگانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم بطور حکومت کیمرے لگانے کی اجازت دیتے ہوئے جج صاحبان کو درخواست پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عالمی برادری میں ملک کی بے عزتی کا باعث بن رہا ہے، شاہد خاقان عباسی

ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی صاحب اکثر تاکید کرتے ہیں کہ ٹوتھ برش استعمال کریں لیکن شاید انہوں نے خود بھی استعمال نہیں کیا اور ان کے دانتوں میں درد ہوگیا تب ہی وہ کل حلف بھی نہیں لے سکے۔

عارف علوی آئین کے مطابق کام کریں اور ان کے دانت میں درد نہ ہو تو ضرور صدر رہیں گے۔

اپوزیشن کے جلسوں کی کوریج نہ کرنے ہدایت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے ایسی کوئی ہدایت نہیں دی گئی اگر کسی کو کوئی خبر آئی ہے تو عوام کو بتائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

جنید طاہر Apr 12, 2022 01:19pm
یہ وہی صاحب ہیں نا! جو کہتے تھے کہ “آپ کے ملک کے قانون کو کیا تکلیف ہے

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024