• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پیمرا کی ٹی وی چینلز کو ریاستی اداروں کےخلاف ‘نفرت انگیز مواد’ نشر کرنے پر دوبارہ تنبیہ

شائع May 16, 2022
پیمرا نے اس سے قبل بھی تنبیہ جاری کی تھی — فائل فوٹو:ڈان نیوز
پیمرا نے اس سے قبل بھی تنبیہ جاری کی تھی — فائل فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو ریاستی اداروں (فوج اور عدلیہ) کے خلاف ہرزہ سرائی اور نفرت انگیز مواد نشر کرنے پر دوبارہ تنبیہ جاری کردی۔

پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا اور تعلقات عامہ محمد طاہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز پر پروگراموں، ٹاک شوز اور مختلف عوامی ریلیوں اور جلسوں کی براہ راست کوریج کے دوران ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کے خلاف منفی، توہین آمیز اور نفرت انگیز مواد نشر کرنے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

مزید پڑھیں: فوج، عدلیہ کے خلاف 'نفرت انگیز' مواد نشر کرنے پر ٹی وی چینلز کو تنبیہ

بیان میں کہا گیا کہ پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو متنبہ کیا ہے کہ ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کی تضحیک سے باز رہیں اور پیمرا قوانین اور اس ضمن میں جاری شدہ عدالتی حکم ناموں کی من وعن پاسداری کریں۔

پیمرا کی جانب سے تنبیہ میں واضح کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیمرا، ٹی وی چینلز کو بارہا مختلف ہدایت ناموں کے ذریعے تاکید کرتا رہا ہے کہ پیمرا قوانین اور عدالتی حکم ناموں کی پیروی کریں تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے چینلز کی نشریات میں اس حوالے سے کافی تشویشناک مواد نشر کیا گیا جو کہ سراسر ریاستی اداروں کی ہرزہ سرائی اور توہین کے ذمرے میں آتا ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف بادی النظر میں پروپیگنڈا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پیمرا نے ایک بار پھر تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو سختی سے ہدایات کی ہیں کہ وہ اپنی نشریات بالخصوص عوامی جلسوں، ریلیوں کی کوریج کرتے ہوئے مؤثر تاخیری نظام وضع کریں۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا ہے کہ میڈیا، اشتہارات اور پروگرامز کے 2015 کے ضابطہ اخلاق کے تحت غیر جانب دار اور آزاد ادارتی بورڈ تشکیل دے۔

پیمرا نے سیٹلائٹ چینلز کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اپنے پلیٹ فارم پر کسی بھی ریاستی ادارے بشمول عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف کسی بھی طرح کا توہین آمیز مواد نشر کرنے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا کی ٹی وی چینلز کو 'قابل اعتراض مواد' نشر نہ کرنے کی ہدایت

پیمرا کے مطابق تمام چینلز کو حتمی طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی دانستہ یا نادانستہ غلطی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002 ترمیمی ایکٹ 2007کی شق 27 کے مطابق بغیر نوٹس پروگرام یا ٹاک شو کی بندش، شق 29 کے تحت 10 لاکھ تک کا جرمانہ اور شق 30 کے تحت لائسنس کی معطلی یا منسوخی اور نشریات کی بندش جیسی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پیمرا نے 10 مئی کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند سیٹلائٹ ٹی وی چینلز ایسا مواد نشر کر رہے ہیں جو ریاستی اداروں یعنی مسلح افواج اور عدلیہ کو بدنام کرنے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ چینلز کی جانب سے ایسا مواد نشر کرنا اتھارٹی کی جاری کردہ ہدایات، پیمرا الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹ) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی دفعات اور اعلیٰ عدالتوں کے وضع کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

پیمرا کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ اظہار رائے کا یہ حق دین اسلام کی عظمت، پاکستان کی سالمیت، سلامتی، ملک یا اس کے کسی حصے کے دفاع، غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات، امن عامہ، شائستگی و اخلاقیات، توہین عدالت یا کسی جرم پر اکسانے کے سلسلے میں قانون کی جانب سے عائد کردہ معقول پابندیوں کے تابع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024